پی ٹی آئی
سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج تیرتھ سنگھ ٹھاکر( ٹی ایس ٹھاکر) نے آج چیف جسٹس کے عہدہ کا حلف لیا۔ راشٹرپتی بھون کے تاریخی دربار ہال میں منعقدہ ایک مختصر تقریب میں صدر جمہوریہ ہند پرنب مکرجی نے جسٹس ٹھاکر کو سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کے عہدہ کا حلف دلایا۔ جسٹس ٹھاکر ، جسٹس ایچ ایل دتو کے جانشین ہوں گے۔ جو کل ہی اپنے عہدہ سے سبکدو ش ہوئے ہیں۔63سالہ جسٹس ٹھاکر نے خدا کے نام پر حلف لیا ۔ وہ سپریم کورٹ کے43ویں چیف جسٹس ہیں۔ اس موقع پر نائب صدر جمہوریہ محمد حامد انصاری ، وزیر اعظم نریندر مدی ، جسٹس ایچ ایل دتو، لوک سبھا اسپیکر سمترا مہاجن ، مرکزی وزیر ارون جیٹلی، ایم وینکیا نائیدو اور روی شنکر پرساد، راجیہ سبھا میں قائد اپوزیشن غلام نبی آزاد ، سپریم کورٹ اور دہلی ہائی کورٹ کے سابق اور موجود ججس، دہلی کے چیف منسٹر اروند کجریوال کے علاوہ کئی سرکردہ شخصیتیں موجود تھیں۔ جسٹس ٹھاکر کی پیدائش4جنوری1952کو جموں و کشمیر کے ضلع رام بن میں ہوئی تھی۔ وہ اکتوبر1972میں وکالت کے پیشہ سے وابستہ ہوئے ۔ انہوں نے جموں و کشمیر ہائی کورٹ میں دیوانی، فوجداری ، آئینی ٹیکس اور سروس سے متعلق معاملات کی پریکٹس کی۔ ان کے والد آنجہانی ڈی ڈی ٹھاکر بھی اپنے زمانہ کے نامی گرامی وکلاء میں شمار کئے جاتے تھے ۔ انہیں 17نومبر2009ء کو سپریم کورٹ کے جج کی حیثیت سے ترقی دی گئی تھی ۔ اکتوبر2014میں انہیں نیشنل لیگل سرویس اتھاریٹی کا اکزیکٹیو چیرمین بنایا گیا تھا۔ رام منوہر لاہیا لا یونیورسٹی لکھنو میں انہیں31اکتوبر2015کو قانون میں ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری پیش کی گئی ۔ ان کی مدت کار3جنوری2017کو ختم ہوگی۔
Justice T.S.Thakur sworn in as 43rd Chief Justice of India
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں