جی ایس ٹی بل پر جیٹلی کی کانگریس قائدین سے ملاقات بے نتیجہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-12-15

جی ایس ٹی بل پر جیٹلی کی کانگریس قائدین سے ملاقات بے نتیجہ

نئی دہلی
پی ٹی آئی
وزیر فینانس ارون جیٹلی نے راجیہ سبھا میں جی ایس ٹی بل کی منظوری کے لئے اختلافات دور کرنے کی ایک کوشش کرتے ہوئے آج کانگریس قائدین سے ملاقات کی اور دونوں نے ہی مزید ملاقات سے اتفاق کیا کیونکہ آج کی بات چیت غیر مختتم رہی۔ سرمای سیشن کے اب محض8دن باقی رہ گئے ہیں ایسے میںبل کی منظوری کے لئے اپوزیشن کو راضی کرنے کے مقصد سے جیٹلی اور وزیر پارلیمانی امور ایم وینکیا نائیڈو نے آج قائد اپوزیشن راجیہ سبھا غلام نبی آزاد اور ڈپٹی لیڈر آنندشرما سے ملاقات کی۔ حکومت رواں سیشن میں بل کی منظوری میں خاص دلچسپی رکھتی ہے تاکہ آئندہ سال اپریل سے اس کو نافذ کیاجاسکے ۔ سرمائی سیشن میں دونوں ایوان بالخصوص راجیہ سبھا میں کام کاج بہت کم ہونے کی وجہ سے حکومت جی ایس ٹی کے بشمول قانون سازی کے اپنے ایجنڈہ کو آگے بڑھانے سے قاصر رہی ۔ تعطل کو ختم کرنے کی تازہ کوشش کرتے ہوئے حکومت نے آج اپوزیشن سے اس مسئلہ پر بات چیت کی۔ بعد ازاں ملاقات میں وزیر خارجہ سشما سوراج اور کانگریس کے چیف وہپ جیوتر آدتیہ سندھیا بھی شامل ہوگئے ۔ ایک گھنٹہ طویل ظہرانہ کی یہ ملاقات پارلیمنٹ میں نائیڈو کے دفتر میں ہوئی ۔ دونوں ہی فریقوں نے اپنا اپنا موقف رکھا جس کے بعد نائیڈو نے کہا کہ ہم ملاقات جاری رکھیں گے ۔ جی ایس ٹی پر یہ ملاقات ایسے وقت ہوئی جب کہ کانگریس نے پارلیمنٹ میں نیشنل ہیرالڈ کیس پر حکومت کے خلاف کڑے تیور اپنائے ہیں۔ اہم اپوزیشن پارٹی نے یہ الزام مسترد کردیا کہ نیشنل ہیرالڈ کیس میں صدر پارٹی سونیا گاندھی اور ان کے فرزند راہل گاندھی کو عدالت کی جانب سے سمن جاری کئے جانے پر کانگریس نے جی ایس ٹی بل میں رکاوٹ ڈال دی ہے تاہم بی جے پی کا اصرار ہے کہ دونوں معاملات میں گہرا تعلق ہے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مودی حکومت نے جی ایس ٹی بل کی منظوری کے لئے کانگریس کی تشویش کے امور کو اس میں شامل کیا ہے تاہم تمام تر انحصار اس بات پر ہے کہ آیا کانگریس جی ایس ٹی بل کی منظوری میں دلچسپی رکھتی ہے یا نہیں جہاں تک کانگریس کے اعتراضات کا سوال ہے اروند سبرامنیم رپورٹ کے بعد اب بہت زیادہ اختلافات نہیں رہے۔ آج کی بات چیت میں جیٹلی نے یہ واضح کردیا کہ دستوری ترمیمی بل میں ٹیکس کی حد مقرر کرنا درست نہیں ہے جبکہ انا ڈی ایم کے زیر قیادت ٹاملناڈو کے بشمول پیداواری ریاستوں میں اشیاء پر ایک فیصد زائد ٹیکس حذف کرنے پر بات چیت کی ضرورت ہے ۔

GST Bill: Arun Jaitley fears another washout; talks with Cong fail

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں