آئی اے این ایس
وزیر خارجہ سشما سوراج نے ایران کو ہندوستان کا ایک اہم شراکت دار قرار دیا ہے اور توانائی ، انفراسٹرکچر ، ٹریڈ اینڈ کامرس کے شعبوں میں باہمی تعاون میں اضافہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ہند ۔ ایران جوائنٹ کمیشن کے18ویں سیشن کی ایران کے وزیر اقتصادی امور و فینانس علی طیب نیاں کے ساتھ مشترکہ صدارت کرتے ہوئے سشما سوراج نے توانائی ، انفراسٹرکچر بشمول جہاز رانی ، بندرگاہوں اور ریلویز کے علاوہ صنعت و تجارت میں باہمی تعاون میں اضافہ کرنے کی کوششوں کو اجاگر کیا ۔ بیان میں کہا گیا کہ انہوں نے زور دے کر کہا کہ چاہ بہار بندرگاہ کی تعمیر میں ہندوستان کی شراکت سے افغانستان اور وسطی ایشیاء کو ہندوستان کے ساتھ مربوط کرنا، ممکن ہوجائے گا۔ ایران کے وزیر اقتصادیات نے چاہ بہار بندرگاہ، چاہ بہار فری ٹریڈ زون اور اس منطقہ میں صنعتی یونٹوں کے قیام میں ہندوستان کے سرکاری و خانگی شعبہ کی شراکت داری کی تجویز پیش کی۔ سشما سوراج نے فرزاد۔ بی گیس کنویں میں ہندوستان کی شراکت داری کے لئے تمام ضروری کارروائیوں کی جلد تکمیل کی ضرورت پر زور دیا اور اس مغربی ایشیائی ملک میں تیل اور گیس کے ذخائر کی کھوج میں ہندوستان کی شراکت داری کی خواہش بھی ظاہر کی ۔ ہند۔ ایران مشترکہ کمیشن کے اس اجلاس سے قبل دونوں ملکوں کے مشترکہ ورکنگ گروپس نے ملاقات کی تھی۔ قبل ازیں کل ایرانی وزیر علی طیب نیاں نے وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی تھی جنہوں نے جاریہ سال روس کے شہر اوفا میں ایرانی صدر حسن روحانی سے اپنی ملاقات کی یاد تازہ کیں ۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ہندوستان ، ایران کے ساتھ اقتصادی تعاون کو توسیع دینے کا خواہش مند ہے ۔ علیحدہ اطلاع کے بموجب وزیر خارجہ سشما سوراج نے آج کہا کہ حکومت، سعودی عرب میں بر سر کار ہندوستانی شہری کی ہر ممکن مدد کرے گی جسے گز شتہ28ماہ سے تنخواہ ادا نہیں کی گئی ہے ۔ اتر پردیش سے تعلق رکھنے والے کمار آکاش کے ایک ویڈیو کے بارے میں اطلاع ملنے پر مرکزی وزیر نے یہ تبصرہ کیا۔ اس ویڈیو میں کمار نے جو خلیجی ملک میں مکہ کے قریب کہیں مقیم ہیں، اپنی مصیبت بھری زندگی کی داستان سنائی ہے۔ آکاش کا کہنا ہے کہ وہ بحیثیت میکانک کام کرنے سعودی عرب گیا تھا۔ اس نے ممبئی کے بائیکلہ علاقہ کے ایک بھرتی ایجنٹ کے ذریعہ ویزا حاصل کیاتھا۔ بہر حال میکانک کی ملازمت کی بجائے اسے ایک اینٹوں کے بھٹے پر لے جایا گیا جہاں اس سے ٹرکوں پر اینٹیں لدوانے کا کام لیاجاتا ہے ۔ علاوہ ازیں اس کے آجر نے گزشتہ28ماہ سے اسے تنخواہ بھی نہیں دی ہے۔اس نے بتایا کہ اس نے جب بھی اپنے آجر سے یہ خواش کی کہ اسے ہندوستان واپس بھیج دیاجائے تو اس سے کہا گیا کہ اسے سعودی عرب میں ہی رہنا ہوگا اور بلا اجرت کام کرنا ہوگا ۔ آکاش نے اس ویڈیو کے ذریعہ وزیرا عظم نریندر مودی اور سشما سوراج سے مدد مانگی ہے جو سمندر پار ہندوستانیوں کے امور کی وزیر بھی ہیں۔ اس ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد سشما سوراج نے کہا کہ آکاش کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ انہوں نے ٹوئٹر پر کہا کہ آکاش میں نے یہ ویڈیو دیکھ لیا ہے ۔ تمہاری پوری مدد کی جائے گی ۔ میں نے سعودی عرب میں اپنی ایمبسی کو بول دیا ہے ۔
India seeks enhanced economic ties with Iran: Sushma Swaraj
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں