وزیر اعظم مودی کا اچانک دورہ لاہور - ہند و پاک تعلقات میں تاریخی پیشرفت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-12-26

وزیر اعظم مودی کا اچانک دورہ لاہور - ہند و پاک تعلقات میں تاریخی پیشرفت

لاہور
پی ٹی آئی
وزیر اعظم نریندر مودی اپنے پاکستانی ہم منصب نواز شریف سے ملاقات کے لئے آج اچانک دورہ پر لاہور پہنچے ۔ زائد از10سال کے عرصہ میں یہ کسی ہندوستانی وزیر اعظم کا اولین دورہ پاکستان ہے۔ نواز شریف نے علامہ اقبال انٹر نیشنل ایر پورٹ کے رن وے پر پہنچ کر مودی سے گرمجوشاہ معانقہ کیا ۔ واضح رہے کہ نریندر مودی اپنے 2روزہ دورہ روس کے اختتام پر افغانستان کا ایک روزہ دور کیا اور واپسی میں غیر متوقع طور پر یہاں (لاہور میں) توقف کا اچانک فیصلہ کیا۔ مقامی وقت کے مطابق چار بج کر بیس منٹ پر(4بج کر50منٹ ہندوستانی معیار وقت) وزیر اعظم کے خصوصی آئی اے ایف بوئنگ737طیارہ نے جیسے ہی لینڈنگ کی مودی کا سرخ قالین خیر مقدم کیا گیا۔ بعدازاں وہ لاہو رکے مضافاتی علاقہ میں نواز شریف کی وسیع و عریض رہائش رائے ونڈ کے لئے بذریعہ ہیلی کاپٹر روانہ ہوئے۔ مودی نے جو افغانستان کے دورہ کے اختتام پر پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کررہے ہیں ، ٹوئٹرپر کہا کہ آج دوپہر وزیر اعظم نواز شریف کے ساتھ لاہور میں ملاقات کا منتظر ہوں جہاں میں دہلی واپسی کے دوران توقف کروں گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف سے بات کی اور ان کی سالگرہ پر انہیں مبارکباد دی ۔ واضح رہے کہ نواز شریف آج66سال کے ہوگئے۔ پیرس میں تبدیلی آب و ہوا کے مسئلہ پر کانفرنس کے موقع پر مودی اور نواز شریف کی اچانک ملاقات کے تقریبا دو ہفتہ بعد دونوں نے یہ ملاقات کی ہے ۔ اس ملاقات کا ایجنڈا واضھ نہیں لیکن توقع ہے کہ دونوں قائدین ان تمام اہم مسائل پر گفت و شنید کریں گے جنہوں نے دونوں ملکوں کے تعلقات کو بگاڑ دیا ہے ۔ توقع ہے کہ ہندوستانی قائد وطن واپسی سے پہلے چند گھنٹے پاکستان میں قیام کریں گے اور نواز شریف کی والدہ سے ملاقات کریں گے ۔ وہ نواز شریف کی نواسی مہرا لنسائ( جو مریم نواز شریف کی دختر ہیں) کی شادی کے موقع پر شریف کو مبارکباد دیں گے اور اس جوڑے کو چند تحائف پیش کریں گے۔ پی ایم ایل۔ این کے ایک سینئر لیڈر نے بتایا کہ آج مہر النساء کی برات نکلے گی اور وزیر اعظم نواز شریف نے مودی کو فون کر تے ہوئے انہیں مدعو کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی مہمانوں خے لئے خصوصی ڈشیں تیار کی گئی ہیں ۔ آئی اے این ایس کے بموجب جیو ٹی وی نے اطلاع دی ہے کہ یہ دورہ اچانک نہیں تھا کیونکہ لاہور ایر ٹریفک کنٹرول کو جمعرات کو ہی اس بارے میں مطلع کردیا گیا تھا تاہم ہندوستان اور پاکستان میں صرف چند ہی افراد کو اس پروگرام کا علم تھا ۔ ایر پورٹ پر مودی کا استقبال کرنے والوں میں نواز شریف اور ان کے بھائی و چیف منسٹر پنجاب شہباز شریف بھی گلدستوں کے ساتھ موجود تھے ۔ اس موقع پر پاکستانی وزیر فینانس اسحق ڈار اور ہندوستانی نمائندہ ٹی سی اے راگھون بھی موجود تھے ۔ خوشگوار کلمات کے تبادلہ اور پاکستانی فضائیہ کی جانب سے مودی کو گارڈ آف آنر کی پیشکشی کے بعد دونوں وزرائے اعظم ایک ہیلی کاپٹر پر سوار ہوئے اور نواز شریف کی آبائی رہائش گاہ رائے ونڈ پہنچے جہاں بات چیت کا ایک اور دور متوقع تھا۔

India's Prime Minister Makes Surprise, Historic Visit To Pakistan

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں