ڈی ڈی سی اے نے کجریوال کے الزامات کی ترید کر دی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-12-31

ڈی ڈی سی اے نے کجریوال کے الزامات کی ترید کر دی

نئی دہلی
آئی اے این ایس
دہلی اینڈ ڈسٹرکٹ کرکٹ اسوسی ایشن (ڈی ڈی سی اے) کے نائب صدر چیتن چوہان نے آج چیف منسٹر اروند کجریوال کی جانب سے شہر کے ایک کرکٹ عہدیدار پر عائد کردہ الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ۔ واضح رہے کہ کجریوال نے کہا تھا کہ ڈی ڈی سی اے کے ایک عہدیدار نے کھلاڑیوں کے انتخاب کے لئے جنتی تعلقات کی خواہش ظاہر کی تھی ۔ چوہان نے جو موجودہ طور پر ڈی ڈی سی اے کے کارگزار صدر ہیں، یہ بھی کہا کہ ڈی ڈی سی اے عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کجریوال اور معطل بی جے پی رکن پارلیمنٹ کیرتی آزاد کے خلاف بدنام کرنے کے الزام میں مقدمہ دائر کرے گی ۔ چوہان نے یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے خلاف عائد کئے گئے الزامات کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ہیں۔ کسی نے ہم سے شکایت نہیں کی۔ اگر کسی کو کوئی شکایت ہے تو ہمیں بتانے کے لئے ہم اس کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔ ہم تمام معلومات اور ناموں کو صیغہ راز میں رکھیں گے ۔ بظاہر ہ ایک سنگین معاملہ ہے جس کے ساتھ پوری سنجیدگی سے نمٹنا ہوگا۔ ہندوستان کے سابق کرکٹ کھلاڑی نے تعجب ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ میں اس معاملہ کی سنگینی کو پوری طرح سمجھتا ہوں ۔ اگر کسی کو کوئی شکایت ہے تو وہ ہمارے پاس آئے اورہمیں بتائے ۔ ہم تمام معلومات کو راز میں رکھیں گے اور قصور وار کے خلاف کاروائی کی جائے گی ۔ مجھے حیرت اس بات پر ہے کہ آخر لوگ ہمارے خلاف بے بنیاد الزامات کیوں عائد کررہے ہین ۔ لوگ کسی ثبوت کے بغیر کیوں الزامات عائد کررہے ہیں ۔ واضح رہے کہ کجریوال نے گزشتہ روز این ڈی ٹی وی کو انٹر ویو دیتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ ڈی ڈی سی اے کا ایک عہدیدار، کھلاڑیوں کے انتخاب کے لئے جنسی تعلقات کا خواہشمند ہے ۔ کجریوال نے کہا تھا کہ آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ ایک سینئر صحافی نے مجھے فون کیا تھا اور کہا تھا کہ ان کے لڑکے کو منتخب کرلیا گیا ہے جو کرکٹ کھیلتا ہے ۔ بہر حال فہرست میں ان کے لڑکے کا نام درج نہیں تھا اور کیا آپ اس بات پر یقین کرسکتے ہیں کہ اس کے اگلے دن ان کی اہلیہ کو ایک ایس ایم ایس پیام موصول ہوا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ آپ میرے گھر آئیں اور آپ کا نام فہرست میں موجو د ہوگا ۔ تاہم چوہان نے اس الزام کی تردید کردی ۔ انہوں نے اس بات سے انکار کیا کہ مختلف عمر کے اسکواڈس کے سلیکشن کے لئے کوئی رقمی ادائیگی کی گئی تھی ۔ تاہم کہا کہ اگر یہ الزامات درست ہوتے تو دہلی میں ایسے کرکٹ کھلاڑی پیدا نہ ہوتے جو قومی سطح پر کھیل سکتے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ رقم کے عوض سلیکشن کے بارے میں میں یہ جاننا چاہوں گا کہ ڈی ڈی سی اے کے کس عہدیدار نے رقم لی ، کہاں لی اور کب لی ۔ اگر آپ کو شکایت کرنا ہے تو کریں لیکن میں یہ درخواست کروں گا کہ لوگ ہوا میں باتیں نہ کریں ۔ اس کی وجہ سے صرف ہماری بدنامی ہوگی ۔ اب تک ہم خاموش رہے اور زیادہ کچھ نہیں کہا لیکن ہمارے خلاف عائد کردہ الزامات سنگین ہیں ۔ لہذا ہمیں سامنے آنا پڑا اور زبان کھولنی پڑی۔

Chetan Chauhan rejects Kejriwal's DDCA allegations

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں