پاکستان کے پارہ چنار علاقے میں بم دھماکہ - 23 افراد ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-12-14

پاکستان کے پارہ چنار علاقے میں بم دھماکہ - 23 افراد ہلاک

اسلام آباد
پی ٹی آئی
پاکستان کے شمال مغرب میں افغان سرحد کے قریب شورش زدہ قبائلی علاقہ میں کپڑوں کے ایک بازار میں ہوئے طاقتور بم دھماکہ میں کم از کم23افراد ہلاک اور55دیگر زخمی ہوگئے ۔ یہ دھماکہ کرم ایجنسی کے پارہ چنار میں اس وقت ہوا ہے جب عوام کی بڑی تعداد خرید و فروخت میں مصروف تھی ۔ اس بازار میں استعمال شدہ کپڑوں کی فروخت کے لئے اتوار کا بازار لگتا ہے ۔ موسم سرما کی مناسبت سے کپڑو ں کی خریداری کے لیے آج بازار میں ہجوم تھا ۔ دھماکہ کے ساتھ ہی سیکوریٹی فورسیس وہاں پہنچ گئے اور علاقہ کو گھیر لیا ۔ مقامی عہدیدامجد علی خان نے بتایا کہ کم از کم23افراد ہلاک اور پچاس سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔ اسی دوران دھماکہ کے مقام سے دو مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بم کپڑوں کے ایک بنڈل میں چھپایا گیا ۔ تاہم عہدیداروں نے ابھی تک دھماکہ کی نوعیت کی توثیق نہیں کی ہے ۔ جس ہسپتال میں زخمیوں کو لایا گیا وہاں کے ایک ڈاکٹر نے کہا کہ کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے ۔ اس نے کہا کہ اموات کی تعداد بڑھ سکتی ہے ۔ پارہ چنار کے تمام ہسپتالوں میں ایمر جنسی کا اعلان کردیا گیا ہے ۔ فوج نے23شدید زخمیوں کو دو ہیلی کاپٹر س کے ذریعہ پشاور منتقل کیا۔ شہر کے داخلی مقام پر واقع عید گاہ میدان میں جہاں یہ اتوار بازار لگتاہے وہاں دھماکہ کے وقت خواتین اور بچے بھی موجود تھے ۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق زخمیوں میں سے کئی کی حالت نازک ہے اور ہلاک ہونے والوں میں بچے بھی شامل ہیں ۔ یہ علاقہ ایک عرصہ سے عسکریت پسندوں کی شورش کا مرکز بنا ہوا ہے ۔ پاکستانی فوج نے اس علاقہ سے جنگجوؤں کا خاتمہ کرنے کے لئے ایک عرصہ سے آپریشن جاری رکھا ہواہے ۔

At Least 23 Killed In Bomb Blast In Pakistan's Parachinar

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں