پی ٹی آئی
بالی ووڈ کے ٹریجڈی کنگ کہلانے والے افسانوی اداکار دلیپ کمار کو جو علیل ہیں آج مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے باندرہ میں ان کی رہائش گاہ پہنچ کر پدما بھوشن ایوارڈ عطا کیا۔ یہ اعزاز انہیں زائد از60برس کے عرصہ میں ہندی سنیما کے لئے ان کی خدمات کے اعتراف کے طور پر دیا گیا ۔93سالہ بزرگ اداکار کو جو نیا دور، جگنو ، انداز، اور دیوداس جیسی فلموں سے مشہور ہوئے ان کی71سالہ بیوی سائرہ بانو کی موجودگی میں میڈل ، سرٹیفکیٹ اور شال پیش کیاگیا۔ سیاہ رنگ کے سوٹ میں ملبوس دلیپ کمار، بمشکل اپنی آنکھیں کھول پارہے تھے ۔ راج ناتھ سنگھ جس وقت انہیں قومی اعزاز پیش کررہے تھے سائرہ بانو دلیپ کمار کی مدد کررہی تھیں۔ دلیپ کمار نے60سے زائد ہندی فلموں میں بہترین اداکاری کا مظاہرہ کیا ہے۔ اداکار کے بنگلہ میں گورنر مہاراشٹرا سی ودیا ساگر راؤ، چیف منسٹر دیویندر فڈ نویس اور دیگر ممتاز شخصیتیں اس موقع پر موجود تھیں ۔ حکومت نے یوم جمہوریہ کے موقع پر دلیپ کمار، امیتابھ بچن اور دیگر شخصیتوں کو باوقار پدما وی بھوشن ایوارڈ دینے کا اعلان کیا تھا تاہم دلیپ کمار علالت کے باعث اپریل میں راشٹرپتی بھون میں منعقدہ تقریب میں شرکت نہیں کرسکے تھے ۔ ان کی پیدائش پشاور(پاکستان) میں محمد یوسف خان کے طور پر ہوئی تھی ۔ ان ی پہلی فلم جوار بھاٹا تھی جسے بمبئی ٹاکیز نے1944میں پروڈیوس کیا تھا۔ انہوں نے مختلف قسم کی فلموں جیسے مزاحیہ آزاد1955، تاریخی مغل اعظم1960اور سما جی گنگا جمنا1961میں کام کیا۔ ان کی آخری فلم قلعہ1998تھی۔ حکومت ہند نے انہیں1991میں پدم بھوشن1994ء میں دادا صاحب پھالکے اور جاریہ سال کے اوائل میں پدما بھوشن ایوارڈ دیا تھا۔ امیتابھ بچن نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ میں کئی سال سے دلیپ کمار کا بڑ اپرستار رہا ہوں۔ یہ ہم سب کے لئے مسرت کا لمحہ ہے ۔ ہندوستانی سنیما کی تاریخ جب لکھی جائے گی تو وہ دلیپ کمار صاحب کے گرد گھومے گی۔ ایوارڈ پیش کرنے کے بعد راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ وزیر اعظم نے مجھ سے کہا تھا کہ میں ممبئی جاؤں اور شخصی طور پر دلیپ کمار صاحب کو یہ ایوارڈ پیش کروں، کیوں کہ دلیپ جی علالت کے باعث ایوارڈ لینے دہلی نہیں آسکے تھے ۔ دلیپ جی نے فلم صنعت کے لئے بہت کچھ کیا ہے۔ اسی کے مد نظر ہم نے انہیں پدما وی بھوشن سے نوازا ہے ۔ ایوارڈ ملنے کے بعد دلیپ کمار کا کیا رد عمل رہا یہ پوچھنے پر سائرہ بانو نے بعد ازاں اخباری نمائندوں سے کہا کہ وہ اپنے بارے میں ہمیشہ خاموش رہتے ہیں ۔ وہ خوش ہیں۔ وہ مسکرائے اور ان کی آنکھوں آنسو دکھائی دئیے ۔ وہ بڑے جذباتی اور حساس شخص ہیں ۔ ان کے لئے مادی چیزیں کوئی معنی نہیں رکھتیں وہ سیدھے سادے انسان ہیں۔ سائرہ بانو نے کہا کہ اپنے شہر کے لئے یہ اعزاز پاکر انہیں بڑی مسرت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ فلم شائقین کا پیار سب سے بڑا ایوارڈ ہوتا ہے۔ مجھے فخر ہے کہ حکومت نے یہ اعزاز عطا کیا ہے۔ انہوں نے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ ، گورنر اور چیف منسٹر کی ستائش کی وہ ایوارڈ دینے کے لئے ان کے مکان آئے۔ سائرنہ بانو نے کہا کہ راج ناتھ جی شخصی طور پر ہمارے گھر آئے ۔ یہ بہت بڑی بات ہے ۔ وہ کسی بھی بھیج سکتے تھے لیکن انہوںنے ایسا نہیں کیا۔ یہ ہمارے لئے بڑا اعزاز ہے ، سائرہ بانو نے کہا کہ شوٹنگ کے دوران بھی دلیپ جی خاموش رہا کرتے تھے جب کہ دوسرے ان کی تعریف کیا کرتے تھے۔ ہم بحیثیت معاون اداکار توقع کرتے تھے کہ وہ ہماری ستائش کریں گے لیکن وہ صرف گڈ کہا کرتے تھے ۔ اور اس سے زیادہ کچھ نہیں ۔ ہر فنکار ان کے ساتھ کام کر کے اپنی صلاحیت بڑھاتا تھا ۔ میں نے انہیں کبھی اپنی تعریف کرتے ہوئے یا دوسروں کی برائی کرتے نہیں دیکھا ۔ میں نے دوسروں کی برائی ان کے سامنے کرنی چاہی لیکن وہ ہمیشہ لوگوں کے بارے میں بھلا ہی کہتے تھے ۔11دسمبر کو دلیپ کمار نے اپنی93ویں سالگرہ منائی ۔ ان کا اصل نام محمد یوسف خان ہے اور ان کی پیدائش پشاور پاکستان میں ہوئی تھی ۔
Legendary actor Dilip Kumar presented with Padma Vibhushan award
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں