ہندوستانی نژاد فرد ایک دن برطانوی وزیر اعظم بنے گا - ڈیوڈ کیمرون - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-15

ہندوستانی نژاد فرد ایک دن برطانوی وزیر اعظم بنے گا - ڈیوڈ کیمرون

لندن
یو این آئی
وزیر اعظم برطانیہ ڈیوڈ کیمرون نے ملک میں ہندوستانی نژاد افراد کے کارناموں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ وقت آنے والا ہے جب برطانیہ میں ہندوستانی نژاد برطانوی شہری وزیر اعظم ہوگا۔ کیمرون نے وزیرا عظم نریندر مودی کے ساتھ ویمبلی اسٹیڈیم میں ہندوستانی برادری کے افراد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب10ڈاؤ ننگ اسٹریٹ میں برطانوی ہندوستانی وزیر اعظم ہوگا ۔ انہوں نے برطانیہ کی ترقی میں ہندوستانیوں کے رول کی زبردست تعریف کی۔ انہوں نے اقوام متحدہ سلامتی کونسل میں ہندوستان کی مستقل رکنیت کی دعویداری کی بھی حمایت کی ۔ انہوں نے وزیرا عظم نریندر مودی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ کہتے تھے کہ ایک چائے والا دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کو نہیں چلا سکتا وہ غلط ثابت ہوگئے ہیں۔ انہوں نے مودی کے اس نعرے کا بھی ذکر کیا کہ اچھے دن آنے والے ہیں اور کہا کہ اچھے دن ضرور آئیں گے ۔ اسٹیڈیم پہنچنے پر کیمرون اور ساڑی میں ملبوس ان کی اہلیہ سامتھا نے مودی کا خیر مقدم کیا ۔ مودی نے اس موقع پر70ہزار افراد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب ہندوستان نے پوری دنیا کو اپنی طاقت کا احساس کرادیا ہے۔ اب پوری دنیا ہندوستان کو پر امید نگاہوں سے دیکھ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کثرت میں وحدت ہماری خاصیت ، ہمارا فخر اور ہماری طاقت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم دنیا سے مہربانی نہیں بلکہ برابری کا حق چاہتے ہیں ۔ مودی نے کہا کہ ہندوستان ترقی کی شاہراہ پر جس طرح گامزن ہے اس کے جلد ہی خوشگوار نتائج سامنے آئیں گے ۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے سامنے آج دہشت گردی اور ماحولیاتی تبدیلی دو بڑے مسائل ہیں اور ان مسائل کے حل کے سلسلہ میں ہندوستان صحیح راستہ دکھا سکتا ہے اور قیادت کرسکتاہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان ان مسائل سے نجات میں اپنا رول ادا کرسکتا ہے اور ادا کرتا رہے گا ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ برطانیہ میں رہنے والے ہندوستانی یہاں پوری طرح گھل مل گئے ہیں اور برطانیہ کے دل میں ہندوستان کے تئیں لگاؤ واضح طور پر دکھا ئی دیتا ہے ۔

Won't be long before there's British-Indian PM: David Cameron

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں