2/نومبر حیدرآباد اعتماد نیوز
کل ہند مجلس اتحاد المسلمین نے ملک کی سب سے بڑی ریاست اتر پردیش میں اپنے سیاسی و انتخابی وجود کو منوالیا ہے جب کہ اس ریاست کے اضلاع مظفر نگر ، اعظم گڑھ ، بلرام پور کے پنچایت انتخابات میں مجلس کے چار امید وار منتخب ہوگئے۔ اسی طرح ممبئی کے مضافات میں واقع کلیان میونسپل کارپوریشن کے تحت مجلس کے دو خاتون امید واروں نے بحیثیت کارپوریٹرس اپنی کامیابی درج کروائی ۔ لاتور اور جلکوٹ نگر پنچایت سے مجلس کے ایک ایک امید وار منتخب ہوگئے ہیں ۔ مجلس نے پہلی مرتبہ شمالی ہند کی ریاست اتر پردیش کے پنچایت انتخابات میں حصہ لیا ۔ ضلع مظفر نگر سے مجلس کے امید وار متپال سنگھ بودھ(محفوظ) بھاری اکثریت سے منتخب قرار دئیے گئے ۔ اعظم گڑھ پنچایت کے لئے مجلس کے امید وار کیلاش کمار گوتم کو منتخب قرار دیا گیا ہے ۔ بلرام پور ضلع پنچایت کے لئے مجلس کے دو امیدوار منتخب ہوئے ہیں۔ محترمہ نسیمہ اور محمد طاہر شاہ نے بھاری اکثریت سے انتخاب جیت لیا ہے۔مجلس کے کنوینر برائے اتر پردیش شوکت علی نے بتایا کہ ان تینوں اضلاع میں مجلس کی یہ بڑی کامیابی ہے ۔ اس طرح مجلس نے ریاست کے پنچایت اداروں میں پہلی مرتبہ حصہ لیتے ہوئے کامیابی درج کی ہے ۔ اس دوران مہاراشٹر کے پنچایت و مقامی ادارہ جات کے لئے کل منعقدہ انتخابات میں کلیان دو مبیولی میونسپل کارپوریشن سے مجلس کے دو امید وار منتخب ہوئے ہیں جب کہ ضلع لاتور نگر پنچایت کے انتخابات میں بھی مجلس نے دو مقامات سے کامیابی حاصل کی ہے ۔ کلیان میونسپل کارپوریشن میں مجلس نے سات نشستوں پر امید وار کھڑے کئے تھے ۔ وارڈ34سے مجلس کی تنزیلہ ایاز مولوی اور وارڈ35سے شکیلہ غلام دستگیر منتخب قرار دی گئی ہیں ۔ دیگر5حلقوں سے مجلس کے امید واروں کو صرف چند ووٹوں سے ناکامی ہوئی ہے۔ ضلع لاتور کی دونی نگر پنچایت سے مجلس کے امید وار ماجد تمبولی منتخب قرار دئیے گئے ہیں ۔ جلکوٹ نگر پنچایت سے مجلس کی امید وارہ للیتا سمبھاجی گائیکواڈ منتخب ہوئی ہیں ۔ مہاراشٹرا سمبلی میں پہلے ہی مجلس کے دو ارکان ہیں۔ ناندیڑ ، اورنگ آباد ، پربھنی و دیگر حکومت مقامی ادارہ جات میں مجلس کے امید وار منتخب ہوئے ہیں۔ اتر پردیش اور مہاراشٹرا مجلس کے ذمہ داروں نے پارٹی کی ان کامیابیوں سے صدر مجلس بیر سٹر اسد الدین اویسی و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد کو واقف کروایا کو جوان دنوں بہار میں کیمپ کئے ہوئے ہیں۔لکھنو سے موصولہ اطلاعات کے مطابق اتر پردیش میں حکمراں سماج وادی پارٹی کو ایک دھکا لگا جب کئی وزیروں اور سینئر لیڈروں کے رشتہ داروں کو ضلع پنچایت انتخابات میں شکست ہوگئی جب کہ بی جے پی کی تائید کے حامل امید واروں نے وزیر اعظم نریندر مودی کے حلقہ وارانسی میں48نشستوں میں سے صرف8پر کامیابی حاصل کی۔ اپوزیشن بی ایس پی انتخابات میں حیرت انگیز طور پر سب سے آگے رہی۔UP panchayat polls: SP ahead, BJP jolted, MIM opens account, Congress routed in Amethi and Rae Bareli
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں