وزیر اعظم مودی کا دورہ کشمیر - علیحدگی پسندوں کی گرفتاری کا سلسلہ جاری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-04

وزیر اعظم مودی کا دورہ کشمیر - علیحدگی پسندوں کی گرفتاری کا سلسلہ جاری

سری نگر
یو این آئی
وادی کشمیر میں بزرگ علیحدگی پسند لیڈر سید علی گیلانی کی جانب سے وزیر اعظم نریندر مودی کی سری نگر کے شیر کشمیر کرکٹ اسٹیڈیم میں7نومبر کو مجوزہ ریلی کے دن ٹی آر سی گراؤنڈ میں بلائی گئی متوازی ریلی جس میں مسٹر گیلانی کے بقول ایک ملین سے زائد لوگ شرکت کریں گے، کو ناکام بنانے کے لئے علیحدگی پسند لیڈران اور کارکنوں کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ جاری ہے ۔ نئے گرفتار شدگان میں دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی ، ان کی پریس سکریٹری صوفی فہمیدہ اور پانچ دیگر سر گرم کارکن شامل ہیں۔ آسیہ اندرابی کو گزشتہ ماہ کے 8اکتوبر کو ایک مقامی عدالت سے ضمانت منظور ہونے پر جیل سے رہا کردیا گیا تھا۔ انہیں17اور18ستمبر کی درمیان رات کے دوران ان کے خلاف مختلف تھانوں میں مبینہ طور پر پاکستانی کا قومی جھنڈا لہرانے اور ملک مخالف تقاریر کرنے کے جرم میں درج مقدمات کے سلسلے میں گرفتار کیاگیا تھا ۔ حریت چیرمین سید علی گیلانی ،ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی کے سربراہ شبیر احمد شاہ، نیشنل فرنٹ کے چیر مین نعیم احمد خان ، جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیر مین محمد یاسین ملک اور دیگر درجنوں علیحدگی پسند لیڈران ور کارکنان بدستور خانہ یاتھا نہ نظر بند ہیں ۔ وزیر اعظم مودی بعض میڈیا رپورٹوں کے مطابق اپنی سری نگر ریلی کے دوران ریاست کے لیے ایک بڑے مالی پیکیج کا اعلان کرنے والے ہیں ۔ مسٹر گیلانی کی رہائش گاہ کے باہر یعنی سری نگر ائر پورٹ روڈ پر سیکوریٹی فورسز اور ریاستی پولیس اہلکاروں کی اضافی نفری کے علاوہ پولیس کے سینئر افسران تعینات کردیے گئے ہیں ۔ حریت کانفرنس (گ) کے ترجمان ایاز اکبر جنہیں31اکتوبر کو رات دیر گئے اپنے گھر سے گرفتار کیا گیا تھا ، بدستور زیر حراست ہیں ۔ وادی کشمیر میں تقریبا تمام علیحدگی پسند جماعتوں کے علاوہ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن سری نگر نے بھی مسٹر گیلانی کے ملین مارچ کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ جے کے ایل ایف چیر مین یاسین ملک نے31اکتوبر کو مسٹر گیلانی کے ملین مارچ کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ نریندر مودی کے مجوزہ دورے کے موقع پر لبریشن فرنٹ نے لال چوک کے تحت کشمیر کے مرکزی چوک میں ایک متوازی جلسے کا پروگرام بنارکھا تھا لیکن چونکہ اب اس سلسلے میں حریت گیلانی کی جانب سے ٹی آر سی میں جلسہ کرنے کا پروگرام مشتہر ہوچکا ہے اس لئے کسی بھی انتشار سے بچنے کے لئے لوگ بصورت یہ کہ اس پروگرام کو کرنے کی اجازت دی جاتی ہے اسی مشتہر شدہ پروگرام پر عمل کریں اور اگر حسب دستور سابق حکمراں ٹی آر سی پروگرام کو روکتے ہیں اور اس پروگرام کو کرنے کی اجازت نہیں دی جاتی ہے تو لوگ7نومبر کو مکمل احتجاجی ہڑتال کرکے سول کرفیو نافذ کریں ۔ میر واعظ عمر فاروق کی قیادت والی حریت کانفرنس نے یکم نومبر کو گیلانی کے ملین مارچ کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملین مارچ کے پروگرام اور اس پروگرام پر ریاستی حکمرانوں کی جانب سے پابندی کی صورت میں جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے سربراہ محمد یاسین ملک کی جانب سے مکمل احتجاجی ہڑتال اور سول کرفیو کی اپیل کی ہے ۔

Separatist arrested in Srinagar ahead of PM's visit

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں