رواداری پر وزیراعظم مودی ملک میں خاموش کیوں رہتے ہیں - کانگریس کی تنقید - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-15

رواداری پر وزیراعظم مودی ملک میں خاموش کیوں رہتے ہیں - کانگریس کی تنقید

نئی دہلی
یو این آئی
کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے عدم رواداری کے بارے میں لندن میں دئیے گئے اپنے بیان پر وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانہ تنقید بناتے ہوئے آج سوال کیا کہ وہ ملک میں خاموش کیوں رہتے ہیں ؟ اور ملک سے باہر جاتے ہی انہیں رواداری کی بات کس طرح یاد آجاتی ہے ؟ راہول گاندھی نے آج یہاں ملک کے اولین وزیر اعظم جواہر لال نہرو کی یوم پیدائش پر کانگریس کی طرف سے منعقدہ پروگرام میں اپنے خطاب کے دوران کہا کہ مودی نے لندن میں اپنی تقریر میں کہا کہ ہندوستان روادار ملک ہے ۔ لیکن یہ عجیب بات ہے کہ ملک میں رہتے ہوئے وہ اس طرح کی باتیں نہیں کہتے۔ واضح رہے کہ برطانیہ کے دورے پر مودی نے گزشتہ روز ویمبلے اسٹیڈیم میں ہندوستانی شہریوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ کثرت میں وحدت ہندوستان کی اصل طاقت ہے اور اسی طاقت کے بل پر ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہورہا ہے مودی نے اپنے خطاب میں ہم آہنگی اور رواداری پر بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ہماری منفرد نوعیت کی خصوصیت ہے جو ہماری آن بان شان ہے اور ہماری طاقت بھی ہے۔ اس موقع پر آر ایس ایس پر ملک میں اپنے نظریات مسلط کا الزام لگاتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ وہ پورے ملک کو ایک ہی رنگ میں رنگنا چاہتے ہیں جب کہ کانگریس پارٹی واقعتا کثرت میں وحدت پر یقین رکھتی ہے۔ کانگریس سب کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے جب کہ سنگھ پریوار چاہتا ہے کہ سب لوگ اسی کے نظریہ پر عمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اور ان کی حکومت پارلیمنٹ میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتی ہے اور وہ حزب اختلاف کے سوالات پر توجہ نہیں دیتے ۔ مودی کے اچھے دن کے وعدے پر تنقید لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر وزیرا عظم کے پاس اپوزیشن کے تمام سوالات کے جواب ہوتے تو اچھے دن بھی آگئے ہوتے ۔

' PM speaks of tolerance abroad, not in India', Rahul

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں