نتیش کمار عظیم اتحاد کے قائد منتخب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-15

نتیش کمار عظیم اتحاد کے قائد منتخب

پٹنہ
پی ٹی آئی
جنتا دل یو کے قائد نتیش کمار جنہوں نے راشٹریہ جنتادل (آر جے ڈی) کے قائد لالو پرساد یادو کے ہمراہ عظیم اتحاد قائم کرتے ہوئے بہار اسمبلی کے انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہے آج مہا گٹھ بندھن نو منتخب ارکان اسمبلی کے قائد منتخب ہوگئے اس طرح تیسری مرتبہ ان کے چیف منسٹر بننے کی راہ ہموار ہوگئی ۔ تین پارٹیوں پر مشتمل مہا گٹھ بندھن کے مشترکہ اجلاس میں آر جے ڈی پارلیمانی بورڈ کی صدر نشین رابڑی دیوی نے64سالہ نتیش کمار کا نام پیش کیا جس کی تائید کانگریس کے جنرل سکریٹری سی پی جوشی نے کی ۔ اس موقع پر آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو بھی موجود تھے۔ اجلاس کے دوران تینوں پارٹیوں کے کامیاب امید واروں نے مصافحہ کرتے ہوئے ایک دوسرے سے بغلگیر ہوئے۔ اس کے بعد نتیش کمار راج بھون جاکر گورنرکے روبرو تشکیل حکومت کا دعویٰ پیش کریں گے ۔ توقع ہے کہ نتیش کمار20نومبر کو بطور چیف منسٹر عہدہ کا حلف لیں گے ۔ اس دوران کمار نے کہا کہ اسی طرح سنجیدگی اور تن دہی سے کام کرتی رہے گی ۔ انہوں نے نو منتخب ارکان اسمبلی کو یکسوئی کے ساتھ عوام کی خدمت کرنے کی ہدایت دی ۔ قبل ازیں چیف منسٹربہار نتیش کمار نے آج گورنر بہار رامناتھ کوبند سے ملاقات کرتے ہوئے بہار اسمبلی کو تحلیل کرنے ریاستی کابینہ کی سفارش کو پیش کیا۔ بہار میں نئی حکومت کے قیام کے لئے عوامی تائید ملنے کے بعد نتیش کابینہ کی آج اپنے اجلاس میں بہار کی15ویں اسمبلی کو تحلیل کرنے کی سفارش کردی گئی ۔ چیف منسٹر نتیش کمار کی صدارت میں یہاں ہوئی کابینہ کی میٹنگ میں گورنر سے15ویں اسمبلی کو تحلیل کرنے کی سفارش سے متعلق تجویز کو منظوری دی گئی۔ کابینہ کے اس فیصلہ کے بعد16ویں اسمبلی اور نئی حکومت کے قیام کا عمل بھی آج سے شروع ہوگیا۔ نتیش کمار نے بعد میں بتایا کہ انہوں نے گورنر رام ناتھ کو وفد سے ملاقات کرکے اپنی کابینہ کا استعفیٰ انہیں پیش کردیا ہے ۔ گورنر نے نتیش کمار کو نئی حکومت کی تشکیل تک چیف منسٹر کے طور پر کام کرتے رہنے کی ہدایت دی۔ دریں اثناء آج نتیش کمار کی قیام گاہ پر جنتادل یو نائٹیڈمقننہ پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا ۔ جس میں بہ اتفاق آراء نتیش کمار کو جنتادل یو کے مقننہ پارٹی کے قائد کی حیثیت سے انتخاب عمل میں آیا۔ اس طرح ان کے ایک بار پھر چیف منسٹر بہار بننے کی راہ ہموار ہوگئی ۔ اس اجلاس میں پارٹی کے نو منتخب ارکان اسمبلی کے علاوہ بہار کونسل میں جنتادل یو کے ارکان بھی شامل تھے۔ خیال رہے کہ 16ویں اسمبلی کے لئے الیکشن میں مہا گٹھ بندھن کو دو تہائی سے زیادہ نشستیں حاصل ہوئی۔

Nitish Kumar elected Grand Alliance legislature party leader; to take oath on November 20 at 2 PM

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں