دہشت گردی کے خلاف متحد ہونے کی ضرورت - سعودی عرب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-15

دہشت گردی کے خلاف متحد ہونے کی ضرورت - سعودی عرب

ریاض، دوحہ ، دبئی
رائٹر
دنیا بھر کی طرح عرب ملکوں نے بھی جمعہ کی شب پیرس میں بیک وقت ہونے والی دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں بڑے پیمانے پر ہلاکتوں پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان حملوں کی شدید مذمت کی ہے ۔ پیرس حملوں کی مذمت کرنے والے عرب ملکوں میں سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات ، کو یت ، قطر اور مصر نمایاں ہیں ۔ سعودی عرب کی وزارت خارجہ کے ذرائع نے کہا ہے کہ مملکت دہشت گرد دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس کڑے وقت میں فرانس کے ساتھ عالمی یکجہتی کی ضرورت پر زور دیتی ہے ۔ حکومت کے ایک بیان میں مزیدکہا گیا ہے کہ سعودی عرب اس امر کا اعادہ کرتا ہے کہ عالمی برادری پوری دنیا کی سلامتی اور استحکام کو نشانہ بنانے والے اس خطرناک اور تباہ کن ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے متحد ہ ہوجائے ۔ ذرائع کا مزید کہناتھا کہ عالمی سلامتی کو کسی بھی بہانے سے نشانہ بنانے والوں کے خلاف جنگ کے لئے موثر اور مشترکہ بین لاقوام کی ضرورت ہے ۔ دریں اثناء قطر کے وزیر خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پیرس حملے تمام انسانی اور اخلاقی اقدار کی خلاف ورزی ہیں۔ پیرس میں قطری سفارتخانہ کی جانب سے خالد العطیہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اپنے وزیر خارجہ کے توسط سے قطری حکومت پیرس حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے جس میں اتنی بڑی تعداد میں انسانی جانوں کا ضیاع ہوا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ فرانس میں سلامتی اور استحکام کو نشانہ بنانے والے تمام اقدامات انسانی اور اخلاقی اقدار کے خلاف ہیں۔ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زائد آل نہیان نے فرانسیسی صدر فرانسو اولاند سے پیرس حملوں پر تعزیت کا اظہا ر کیا ہے ۔ شیخ خلیفہ نے فرانس میں ہونے والی دہشت گرد کاروائی کی شدید الفاظ میں مدمت کی۔ مصر کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے پیرس سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے ۔ قاہرہ وزارت خارجہ کے ایک ذریعہ نے بتایا کہ ایسے دہشت گرد حملے امن پسند ملکوں کو کمزور نہیں کرسکتے ۔ کویت کے امیر شیخ صباح الصباح نے صدر اولاند کے نام تعزیتی پیام میں دہشت گردی کے مجرمانہ اعمال کی شدید مذمت کی ہے ۔ یہ حملے اسلام اور انسانی اقدار کی صریح خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے فرانسیسی عوام کے ساتھ کویت کی یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک فرانس کی جانب سے اپنی سیکوریٹی کو دہشت گرد حملوں سے محفوظ رکھنے کی خاطر کئے جانے والے تمام اقدامات کی حمایت کرتا ہے ۔ ترک صدر رجب طیب اردگان نے پیرس حملوں پر دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ تمام بین الاقوامی برادری دہشت گردی کے خلاف اتفاق رائے پیدا کرے ۔

KSA: Paris attacks a violation of all religions

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں