وزیراعظم نریندر مودی اچھے دن لانے میں ناکام - راہل گاندھی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-24

وزیراعظم نریندر مودی اچھے دن لانے میں ناکام - راہل گاندھی

سہارنپور، اتر پردیش
پی ٹی آئی
راہول گاندھی نے آج وزیر اعظم نریندر مودی کے بیرونی دورہ کے سلسلہ میں انہیں نشانہ تنقید بنایا اور کہا کہ وہ جب وہ بیرونی دورے کرنے میں مصروف تھے تو اس وقت کانگریس کسانوں اور مزدوروں کے ساتھ کھڑی تھی ۔ راہول گاندھی نے اتر پردیش کے نیشکر کسانوں کی حالت زار کو اجاگر کرنے یہاں ایک پدیاترا بھی شروع کی۔ انہوں نے مودی کے اچھے دن کے نعرے پر بھی تنقید کی اور کہا کہ وہ اچھے دن کہاں گئے؟ انہوں نے کہا کہ کانگریس صرف اس صورت میں اچھے دن آنے کا اعتراف کرے گی جب کسان، مزدور اور غریب اچھا محسوس کریں۔ انہوں نے اپنی پدیاترا شروع کرنے سے پہلے کسانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب نریندر مودی انگلینڈ کے لئے پرواز کررہے تھے تو اس وقت راہول گاندھی یہاں آپ کے ساتھ کھیتوں میں کھڑا تھا ۔ میں آپ کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ میں آپ کے ساتھ ہوں ۔ کانگریس آپ کے ساتھ کھڑی ہوئی ہے ۔اور آپ کا ساتھ دیتے ہوئے مرے گی۔ راہول نے جو کانگریس کے متنازعہ رکن اسمبلی عمران مسعود کے ساتھ کھڑے ہوئے تھے، جنہیں مودی کے خلاف نفرت انگیز تقریر کرنے پر گزشتہ سال مارچ میں جیل بھیج دیا گیا تھا ، کہا کہ ہم ایسا ہندوستان نہیں چاہتے جہاں غریب، کسان اور محروم لوگ ناخوش ہوں ۔ ہم سوٹ بوٹ کی سرکار نہیں چاہتے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہیں کہ ہندوستان، غریبوں ، مزدوروں اور چھوٹے لوگوں کا ملک ہو۔ وزیر اعظم پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب لوک سبھا انتخابات منعقد ہوئے تو بہت سارے لوگوں نے مودی کی تائید کی ۔ انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ ہندوستان کو تبدیل کردیں گے ۔ انہیں اب خود اپنا نعرہ اچھے دن آئیں گے ، بھی یاد نہیں ۔ جب ہم اچھے دن کی بات کرتے ہیں تو ملک بھر کے لوگ ہنسنے لگتے ہیں ۔ آخر وہ اچھے دن کہاں ہیں۔ وہ بیرونی دورے کرتے ہیں، لندن ، سنگا پور ، امریکہ جاتے ہیں ، لیکن اچھے دن ابھی تک نہیں آئے ۔ ہندوستان میں اچھے دن اسے وقت آئیں گے جب کسان، مزدور ، غریب ،دلت اور قبائلیوں کے اچھے دن آئیں گے ۔ کانگریس کے لئے بھی اچھے دن تبھی آئیں گے ۔ اتر پردیش کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے چیف منسٹر اکھلیش یادو سے کہا کہ وہ کسانوں کے مسائل حل کرتے ہوئے ریاست میں تبدیلی لانے کا اپنا وعدہ پورا کریں ۔ ان کے نیشکر کی زیر التوا ادائیگیاں کی جائیں اور شکر کی ملیں دوبارہ کھولیں جائیں ۔ راہول نے کہا اکھلیش یادو جی ، آپ نے دعویٰ کیا تھا کہ آپ نئی نسل سے تعلق رکھتے ہیں اور اتر پردیش میں تبدیلی لانے کا وعدہ کیا تھا ۔ اتر پردیش میں تبدیلی لانے آپ کے پاس ابھی بھی دیڑھ سال کا وقت ہے ۔ کسانوں کے بیچ جائیں اور نیشکر کا مسئلہ حل کریں ۔ کسانوں کو پیسہ دیں ۔ بند پڑی شوکر ملیں دوبارہ کھولیں اور نوجوانوں کو ملازمتیں فراہم کریں ۔ کانگریس کے نائب صدر نے اس بات کو اجاگر کیا کہ بینکوں میں کس طرح کسانوں سے بے رخی برتی جاتی ہے ، جہاں دولت مندوں کے لئے سرخ قالین بچھایاجاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایم این آر ای جی اے کی شکل میں دنیا کی سب سے بڑی روزگار اسکیم شروع کی تھی ، جس کے ذریعہ غریبوں کو روزگار کی طمانیت دی گئی تھی اور غریبوں کے ہاتھ میں کروڑ ہا روپے پہنچائے گئے تھے ۔

Modi failed to deliver, no sign of 'acchhe din', says Rahul

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں