ہندوستان کا دنیا کی 10 بڑی معیشتوں میں شمار - راجناتھ سنگھ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-29

ہندوستان کا دنیا کی 10 بڑی معیشتوں میں شمار - راجناتھ سنگھ

نئی دہلی
پی ٹی آئی، یو این آئی
مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے آج کہا کہ وہ ہندوستان کو نہ صرف ایک معاشی قوت بلکہ دنیا کے قائد جگت گرو کے طور پر بھی دیکھنے کے خواہاں ہیں تاکہ ساری دنیا اس کے اقدار کی طرف کھنچے چلے آئے ۔ انہوں نے کہا کہ مادیت سے ہمیں مالی خوشی حاصل ہوسکتی ہے لیکن ذہنی سکون حاصل نہیں ہوسکتا ۔ ذہنی سکون صرف روحانی ترقی سے ہی حاصل ہوتا ہے ۔ راجناتھ سنگھ نے نئی دہلی میں پی ایچ ڈی چیمبرس آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے110ویں سشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو محفوظ بنائے بغیر ترقی نہیں دی جاسکتی ۔ اس لئے ترقی کی پہلی شرط صیانت ہی ہے۔ اس سشن کے عنوان، ہم مل کر کرسکتے ہیں اور کریں گے پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ اس سشن کا موضوع وزیر اعظم نریندر مودی کے نعرہ سب کا ساتھ سب کا وکاس کے خطوط پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی تمام اسکیمات کا مقصد عام افراد کو مالی سر گرمیوں میں مشغول کرنا ہے ۔ ہندوستان دنیا کی اعلیٰ10معیشتوں میں سے ایک ہے اور2020-25تک دنیا کی5بڑی معیشتوں میں مقام حاصل کرلے گا ۔ وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ جب سے این ڈی اے حکومت اقتدار میں آئی ہے ۔ ترقی کی رفتار نے تیزی پکڑ لی ہے اور صحیح سمت میں آگے بڑھتی رہے گی ۔ جس سے ملک کی ترقی کی رفتار مزید تیز ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی کی رفتار2004ء کے بعد سے بے سمت ہوگئی تھی۔

دریں اثناء بھوپال سے یو این آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب ملک بھر میں پھیلی مبینہ عدم برداشت پر بحث کے درمیان چیف منسٹر مدھیہ پردیش شیوراج سنگھ چوہان نے آج کہا کہ یہ بات بے معنی ہے اور ہندوستان سے زیادہ روادار کوئی ملک نہیں ہے۔ چیف منسٹر کے طور پر اپنی میعاد کے10ماہ پورے ہونے کے موقع پر چوہان آج یہاں سنٹرل پریس کلب کی جانب سے منعقدہ پریس کلب کی جانب سے منعقدہ پریس سے ملئے پروگرام سے خطاب کررہے تھے۔ چوہان نے فلم اداکار عامر خان کی جانب سے دئے جانے والے عدم برداشت سے متعلقہ بیان پر کہا کہ یہ پوری بات بے معنی ہے۔ دنیا بھر میں ہندوستان سے زیادہ روادار ملک کوئی اور نہیں ہے ۔ عامر خان نے گزشتہ دنوں نئی دہلی میں ایک پروگرام میں کہا تھا کہ وہ بھی عدم تحفظ محسوس کرتے ہیں اور گزشتہ چھ سے آٹھ ہفتے سے یہ خوف بڑھ گیا ہے ۔ انہوں نے کہا تھا کہ جب انہوں نے اپنی بیوی کرن سے اس بارے میں بات کی تو اس نے پوچھا کہ کیا ہمیں ہندوستان چھوڑ دینا چاہئے ۔ اس بیان پر تنازع اور تنقید ہونے کے بعد عامر خان کو واضح کرنا پڑا کہ وہ ملک چھوڑ کر کہیں نہیں جارہے ہیں ۔ گزشتہ سال کئی خبروں میں کہا گیا تھا کہ عامر خان کو مدھیہ پردیش کا برانڈ ایمبیسڈر بنایا جاسکتا ہے لیکن اب موجودہ حالات میں کیا اس قسم کا کوئی امکان ہے، اس سے جڑے ایک سوال کے جواب میں چوہان نے اس ا مکان کو صاف الفاظ میں مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مدھیہ پردیش کے برانڈ ایمبیسڈروہ خود ہیں۔ گجرات اور بہار کے بعد ریاست میں شراب پر پابندی کے امکانات سے جڑے سوال کے جواب میں چوہان نے کہا کہ شراب پر پابندی ایک حکم سے نہیں لاگو کیاجاسکتا ، تاہم ریاست میں شراب کی ایک بھی نئی دکان نہیں کھولے جانے اور ڈسٹلری کو فروغ نہ دینے کے فیصلے کئے گئے ہیں ۔ شیوراج سنگھ چوہان نے آج اعتراف کیا کہ پیشہ ورانہ امتحان بورڈ( ویاپم) میں ہوئے اسکام سے ان کا اعتماد ٹوٹا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ تقررات کے امتحانات کے لئے ان کی حکومت نے شفاف پالیسی بنائی تھی ۔ اس کے بنانے کے بعد وہ مطمئن تھے کہ گڑ بڑی نہیں ہوگی، لیکن ویاپم میں بے ضابطگیاں سامنے آنے سے ان کا یہ اعتماد ٹوٹا ۔ انہوں نے کہا کہ پری میڈیکل ٹیسٹ( پی ایم ٹی) میں بد عنوانیاں پہلے ہوئی تھیں ۔ دیگر امتحانات میں بے ضابطگیاں بعد میں ہوئیں اور انہیں جیسے ہی پتہ چلا ، حکومت نے سخت قدم اٹھائے ۔چوہان نے اعداد و شمار کی بنیاد پر کہا کہ ڈیڑھ کروڑ سے زیادہ لوگوں نے امتحانات دئے ، ان میں سے ساڑھے تین لاکھ سے زائد بھرتیاں ہوئیں ۔ ان میں سے صرف1600معاملے میں گڑ بڑ یاں پائی گئیں۔ یہ ایک فیصد سے بھی کم ہے ۔ دوسری جگہ بھرتی میں زیادہ گڑ بڑی ہوتی ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ پہلے ان کے دور حکومت پہلے کس طرح بھرتیاں کی جاتی تھیں ، یہ سب جانتے ہیں ۔ ان کی حکومت نے بھرتی امتحانات میں بہت بہتری لائی ہے ۔

India is among the top 10 economies in the world: Rajnath

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں