پاکستان اور نیپال کے ساتھ خوشگوار تعلقات کا ہندوستان خواہاں - وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-11

پاکستان اور نیپال کے ساتھ خوشگوار تعلقات کا ہندوستان خواہاں - وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ

نئی دہلی
پی ٹی آئی
وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج کہا کہ ہندوستان اپنے پڑوسی ممالک پاکستان اور نیپال کے ساتھ خوشگوار تعلقات چاہتا ہے اور ان کے ساتھ تعلقات کو مزید بہتربنانے کی ہرممکن کوشش کرے گا۔ انہوں نے یہاں دیوالی ملن تقریب کے موقع پر نامہ نگاروں کو بتایا کہ پاکستان ہمارا پڑوسی ملک ہے ۔ ہم پاکستان کے ساتھ بے حد خوشگوار تعلقات چاہتے ہیں ، لیکن پاکستان کو بھی جوابی خیر سگالی کا مظاہرہ کرنا ہوگا ۔ نیپال کے بارے میں استفسار پر جہاں نئے دستور کو اختیار کرنے پر مدھیسیوں کی جانب سے احتجاج کیاجارہا ہے ۔ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ نئی دہلی کھٹمنڈو کے ساتھ بھی بے حد خوشگوار تعلقات چاہتا ہے ۔ ہم اپنے پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے ۔ یہ پوچھے جانے پر کہ آیا جموں و کشمیر میں حکمراں پی ڈی پی۔ بی جے پی اتحاد کے درمیان اختلافات پیدا ہوگئے ہیں ، وزیر داخلہ نے کہا کہ ریاست کی مخلوط حکومت برقرار رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد برقرا ررہے گا۔ اسے کوئی خطرہ نہیں ۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے حالیہ دورہ جموں و کشمیر کے موقع پر مظاہروں کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ماضی میں بھی ایسے واقعات پیش آتے رہے ہیں ، لیکن آپ کو یہ یاد رکھنا ہوگا کہ صرف مٹھی بھر لوگ تھے ۔ سنگھ نے کہا کہ جموں و کشمیر میں نظم و ضبط کی صورت حال کافی حد تک بہتر ہوئی ہے اور مرکز میں مئی2014میں ای ڈی اے حکومت کے بر سر اقتدار آنے کے بعد سے لشکر طیبہ ، حزب المجاہدین اور دیگر تنظیموں سے تعلق رکھنے والے165عسکریت پسندوں کو ختم کیا گیا ہے ۔ انہوں نے سرحد پار سے در اندازی کی کوششوں سے متعلق اعدا دو شمار بتاتے ہوئے کہا کہ2013ء میں در اندازی کی277کوششیں ہوئیں جن کے منجملہ97کامیاب رہیں اور سیکوریٹی فورسس نے اس سال کے دوران67عسکریت پسندوں کو مار گرایا۔ 2014ء میں در اندازی کی220کوششیں ہوئیں جن کے منجملہ67کامیاب رہیں۔ سیکوریٹی فورسس نے اس عرصہ کے دوران110عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا ۔ 2015ء میں 30ستمبر تک در اندازی کی صرف86کوششیں ہوئیں جن کے منجملہ68کامیاب رہیں اور89عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا گیا۔

India wants cordial relations with Pakistan, Nepal: Rajnath Singh

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں