ریاست بہار میں نئی حکومت کی تشکیل کا عمل شروع - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-11

ریاست بہار میں نئی حکومت کی تشکیل کا عمل شروع

پٹنہ
ایس این بی
عظیم اتحاد کی شاندار کامیابی کے بعد اب نئی کابینہ کا ڈھانچہ بھی تیار ہونے لگا ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ ہر5ایم ایل اے پر ایک وزیر کا فارمولہ رکھنے کی بات ہورہی ہے ۔ اسمبلی انتخاب میں آر جے ڈی نے80، جے ڈی یو نے71اور کانگریس نے27سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ہے ۔ 5ایم ایل اے پر ایک وزیر کے فارمولے کی بنیاد پر آر جے ڈی سے16وزرا، جے ڈیو سے وزیر اعلیٰ سمیت 14وزراء اور کانگریس سے5وزراء بنائے جاسکتے ہیں ۔ اس بات کی چرچا عام ہے کہ جے ڈی یو سے وجے کمار چودھری ، وجندر پرساد یادو ، شیام رجک، نریندر نارائن یادو، لیسی سنگھ، جے کمار سنگھ ، پی کے شاہی، للن سنگھ کا وزیر بن سکتے ہیں ۔ کائستھ، برہمن انتہائی پسماندہ طبقے کو بھی کابینہ میں حصہ داری ملے گی۔ ادھر آر جے ڈی سے عبدالباری صدیقی ، للت یادو، سیتا رام یادو، چندر شیکھر ، رام وچار رائے ، محمد نعمت اللہ ، چندریکار رائے، تیج پرتاب یادو، شیو چندررام، آلوک مہتہ، وجئے کمار وجئے اشوک نگھ، محمد الیاس حسین، مندریکا یادو، فیاض احمد، فیصل رحمن، اور عبدالغفور کو کابینہ میں شامل کیاجاسکتا ہے ۔ جب کہ یہ بھی کہاجارہا ہے کہ کانگریس پارٹی کے ریاستی صدر اشوک چودھری ، سدانند سنگھ اودھیش سنگھ، عبدالجیل مستان، اشوک کمار، امیتابھوشن ، وجئے شنکرو دوبے اور رام دیو رائے میں سے ہی وزراء بنائے جاسکتے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق حلف برداری تقریب بڑے پیمانے پر منعقد کی جائے گی، اس کے لئے گاندھی میدان کا انتخاب کیاجارہا ہے ۔ یہ بھی کہاجارہا ہے کہ راج بھون میں یہ تقریب منعقد کی جائے ، لیکن چونکہ اس تاریخی لمحے کا گواہ بنانے کے لئے کئی وی آئی پی کے ساتھ عظیم اتحاد کے حامیوں کی بھی بھیڑ جمع ہوگی اس لئے راج بھون کی بجائے گاندھی میدان کو بہتر متبادل ماناجارہا ہے ۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی وزیر نتیش کمار نے پہلی اور دوسری بار گاندھی میدان میں ہی حلف لیا تھا ۔ ذرائع کے مطابق اس بار حلف برداری تقریب میں دوسری ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کے علاوہ پورے ملک کے کئی بڑے لیڈر شامل ہوں گے ، جن میں کانگریس کی جانب سے قومی صدر سونیا گاندھی ، نائب صدر راہل گاندھی ، غلام نبی آزاد کے علاوہ جے ڈی یو کے قومی صدر شرد یادو ، دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کجریوال ، مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی، سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیو گوڑا ، جھار کھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین سمیت کئی وی وی آئی پی شامل ہوں گے ۔ اس کے پیش نظر گاندھی میدان کے حفاظتی انتظامات پر حکمت عملی تیار کی جارہی ہے ۔ میٹنگ میں پٹنہ کے آئی جی، ڈی آئی جی، ڈی ایم سمیت ایس پی کو بھی طلب کیا گیا ہے ۔ یہ بھی کہاجارہا ہے کہ آئندہ20نومبر کو نتیش کمار، چھٹھ پوجا کے بعد گاندھی میدان میں ہی حلف لیں گے ۔ جے ڈی یو کے ریاستی صدر اور ایم پی وششٹھ نارائن سنگھ نے پٹنہ میں بتایا کہ اسمبلی انتخاب میں عظیم اتحاد کو زبردست اکثریت ملی ہے اور جلد ہی حکومت کی تشکیل کا عمل شروع ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ دیوالی اور چھٹھ پوجا کے بعدہی حلف برداری تقریب پٹنہ کے گاندھی میدان میں منعقد کی جائے گی۔ مسٹر سنگھ نے حالانکہ حلف برداری کی تاریخ کا واضح طور پر اعلان نہیں کیا، لیکن ایسا امکان ہے کہ20نومبر کو مسٹر نتیش کمار وزیر اعلیٰ کے عہد کا حلف لے سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عظیم اتحاد کی جیت کے بعد کئی اہم لیڈروں نے مسٹر کمار کو فون پر مبارکباد دی تھی، جن میں کانگریس صدر سونیا گاندھی، نائب صدر راہل گاندھی ، سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیو گوڑا ، ہریانہ کے سابق وزیر اعلیٰ اوم پرکاش چوٹالہ اور سماج وادی پارٹی کے صدر ملائم سنگھ یادو شامل ہیں ۔

نتیش کابینہ میں درج ذیل اراکین کی شمولیت کا امکان:
٭ جے ڈی یو سے : وجئے کمار چودھری، وجندر پرساد یادو، شیام رجک ، نریندر نارائن یادو، لیسی سنگھ، جے کمار سنگھ ، پی کے شاہی، ،للن سنگھ کا وزیر بننا طے ہے۔
٭ آر جے ڈی سے: عبدالباری صدیقی، للت یادو، سیتا رام یادو ، چندر شیکھر ، رام وچار رائے، محمد نعمت اللہ ، چندریکا رائے، تیج پرتاپ یادو، شیو چندر رام ، آلوک مہتہ ، وجئے کمار وجے، اشوک سنگھ، محمد الیاس حسین، مندریکا یادو، فیاض احمد، فیصل رحمن اور عبدالغفور کو کابینہ میں شامل کیاجاسکتا ہے ۔
٭ کانگریس سے: پارٹی کے ریاستی صدر اشوک چودھری ، سدانند سنگھ ، اودھیش سنگھ ، عبدالجیل مستان، اشوک کمار، امیتا بھوشن، وجئے شنکر دوبے اور رام دیو رائے میں سے وزراء بنائے جاسکتے ہیں ۔

Bihar elections: Process of government formation to begin on November 14, says Nitish Kumar

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں