نیپال میں 13 ہندوستانی فوجیوں کی گرفتاری و رہائی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-30

نیپال میں 13 ہندوستانی فوجیوں کی گرفتاری و رہائی

کھٹمنڈو، نئی دہلی
پی ٹی آئی
نیپال نے آج سشتراسیما بل( ایس ایس بی) کے13اہلکاروں کو گرفتار کرکے تقریبا پانچ گھنٹے تک محروس رکھا۔ یہ اہلکار مشتبہ اسمگلروں کا پیچھا کرتے ہوئے غیر ارادی طور پر نیپال کی سرحد میں داخل ہوگئے تھے ۔ یہ دونوں فریقین کے بیچ جاری تناؤ کے درمیان ایک ہفتہ میں پیش آنے والا اپنی طرز کا دوسرا واقعہ ہے ۔ یہ واقعہ صبح کے وقت ساڑھے چھ بجے پیش آیا جب ایک ایس ایس بی گشتی پارٹی نے امباری کیسنا سرحدی پوسٹ پر کچھ مشتبہ سر گرمیاں دیکھیں اور ڈیزل کے مشتبہ اسمگلروں کا پیچھا کرنا شروع کیا۔ نیپال کی مسلح پولیس فورس( اے پی ایف) نے جو بہار کے کشن باغ سے متصل نیپالی ضلع جھپا ، کے گاؤں کیچنا میں واقع بارڈ اکاؤنٹ پوسٹ پر تعینات ہے ان ایس ایس بی جوانوں کو نیپالی سرحد میں داخل ہوتے ہی گرفتار کرلیا گیا ۔ ان کا کہنا ہے کہ چار ایس ایس بی نوجوان جدید ترین رائفلوں سے لیس تھے۔ بعد ازاں تمام 13جوانوں کو پانچ گھنٹوں تک محروس رکھنے کے بعد رہا کردیا گیا۔ نئی دہلی میں موجود ایس ایس پی چیف بی ڈی شرما نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ تمام اہلکاروں کو رہا کردیا گیا ہے ۔ اور وہ ہندوستانی علاقہ میں بحفاظت پہنچ گئے ہیں ۔ ہم اپنے نیپالی ہم منصب کے جانب سے کئے گئے تعاون کو سراہتے ہیں اور میں نے اس واقعہ کی کورٹ آف انکوائری کی ہدایت دے دی ہے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کا اعادہ نہ ہو ۔ شرما نے بتایا کہ ایس ایس بی اہلکاروں کو کوئی جسمانی گزند نہیں پہنچی اور وہ نیپالی مسلح اہلکاروں نے ان کے ساتھ اچھا سلوک کیا۔ پیراملٹری فورس نیپال سے متصل1751کلو میٹر طویل سرحد کی نگرانی کرتی ہے۔ بعد میں ہندوستان حکام نے بتایا کہ ایس ایس بی جوانوں کے ساتھ اس علاقہ میں تعینات بارہویں ایس ایس بی کے دو پولیس جوان بھی تھے اور نیپالی سرحد میں50میٹر اندر جانے کے بعد گاؤں والوں نے انہیں گھیر لیا تھا۔ تاہم وہ تمام اہلکار اور ان کے ہتھیار بحفاظت ہندوستانی علاقہ میں پہنچ گئے ہیں ۔ نیپال کے جھاپا ضلع کے انتظامی افسر ڈمبارو پرساد نے بتایا کہ واقعہ کی تحقیقات کے بعد ایس ایس بی جوانوں کو ہندوستان کے حوالے کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان سے نیپال میں داخل ہونے کی وجہ دریافت کی گئی ۔ بعد میں ایس ایس بی سربراہ نے ان کے ہم منصب نیپالی چیف کی راست بات چیت کے بعد انہیں رہا کردیا گیا۔ حالیہ عرصہ میں ہند۔ نیپال تعلقات بے کشیدہ ہوگئے ہیں جیسا کہ ہندوستانی نژاد مدھیسی نیپال کے نئے دستور کے خلاف کئی ہفتوں سے احتجاج کررہے ہیں ۔ ادھر نیپال نے الزام لگایا کہ ایس ایس بی اہلکار کیمیائی کھادوں کے اسمگلروں کا پیچھا کرتے ہوئے نیپالی سرحد میں سنساری ضلع میں100میٹر اندر تک داخل ہوگئے تھے اور اسمگلروں کا پیچھا کرتے ہوئے چار غیر مسلح نیپالیوں پر گولی چلائی ۔ تاہم ہندوستانی حکام کا کہنا ہے کہ اہلکاروں نے یہ گولیاں اپنے دفاع میں ہندوستانی سرحد کے اندر چلائیں پچھلے ہفتہ ہی ہندوستان نے نیپال پر برہمی ظاہر کرتے ہوئے الزام لگایا کہ وہ سنساری ضلع میں ہونے والی گڑ بڑ کو ایس ایس بی کے سرتھوپنے کی کوشش کررہا ہے ۔ آج کے واقعہ پر تبصرہ کرتے ہوئے ہندوستان میں موجود نیپال کے سفیر دیپ کمار اپادھیائے نے کہا کہ دونوں جانب کے سرحدی گارڈز ایک دوسرے کی سرحد میں داخل ہوسکتے ہیں لیکن پہلے انہیں تمام ہتھیار جمع کرادینے ہون گے ۔ لیکن ہندوستانی جوان ہتھیار لے کر نیپال میں داخل ہوگئے تھے ۔

13 SSB personnel released after being detained by Nepal Police

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں