وادی کشمیر میں ہڑتال - عام زندگی درہم برہم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-13

وادی کشمیر میں ہڑتال - عام زندگی درہم برہم

سری نگر
پی ٹی آئی
گزشتہ ہفتہ اودھم پور مین وادی جانے والے ایک ٹرک پر حملہ کے خلاف تاجرین کی تنظیم کی ہڑتال کی اپیل پر آج کشمیر میں عام زندگی درہم برہم ہوگئی ۔ علیحدگی پسندوں نے بھی اس ہڑتال کی تائید کی ہے ۔ اسکول، دکانات اور دیگر تجارتی ادارے بند رہے ۔ ہڑتال کی یہ کال کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچررس اسوسی ایشن اور کشمیر اکنامک الائنس نے دی تھی ۔ اسی دوران سڑکوں پر سرکاری گاڑیاں بھی نہیں چلائی گئیں ۔ خانگی گاڑیاں اور ٹیکسیاں معمول کے مطابق چل رہی تھیں۔ سرکاری ٹرانسپورٹ سہولتوں کی عدم دستیابی کے سبب سرکاری دفاتر میں حاضری بھی کم درج کی گئی ۔
سری نگر سے یواین آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب سخت گیر حریت قائد سید علی شاہ گیلانی کو نئی دہلی سے واپسی کے فوری بعد دوبارہ نظر بند کردیا گیا ۔ گیلانی ، کل اپنا دورہ مختصر کرتے ہوئے سری نگر واپس ہوگئے، کیوں کہ حکومت آندھرا پردیش نے مبینہ طور پر حیدرآباد میں ایک کانفرنس پر امتناع عائد کردیا ہے جس میں وہ بحیثیت مہمان خصوصی مدعو تھے ۔ سرکاری ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ گیلانی کو نظم و ضبط کی برقراری کے لئے احتیاطی طور پر حراست میں لیا گیا ہے ۔ دوسری طرف ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی کے صدر شبیراحمد شاہ کو ہنوز کوئی راحت حاصل نہیں ہوئی ہے ، جو سری نگر میں نظربند ہیں ۔ حریت کے ترجمان ایاز اکبر نے بتایا کہ گیلانی نے کل جیسے ہی سری نگر ایر پورٹ کے باہر قدم رکھا انہیں اٹھاکر پولیس کی گاڑی میں ڈال دیا گیا ۔ بعد ازاں انہیں ایر پورٹ روڈ پر ان کی حیدر پور رہائش گاہ لے جایا گیا اور نظر بند کردیا گیا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں