حکومت پاکستان پر علماء کے خلاف انسداد دہشت گردی قوانین کے استعمال کا الزام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-13

حکومت پاکستان پر علماء کے خلاف انسداد دہشت گردی قوانین کے استعمال کا الزام

اسلام آباد
آئی اے این ایس
حکومت پاکستان، علماء کے خلاف انسداد دہشت گردی قانون استعمال کررہی ہے ۔ جمعیت العلماء اسلام۔ ایف، سربراہ مولانا فضل الرحمن نے یہ الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ دینی مدارس کو دہشت گردی سے مربوط کیاجارہا ہے ۔ علماء اور طلباء کو انسداد دہشت گردی قانون کا شکار بنایاجارہا ہے ۔ ڈان آن لائن نے مفتی محمود کانفرنس سے مولانا فضل الرحمن کے خطاب کے حوالے سے یہ اطلاع دی ۔ جے یو آئی۔ ایف سربراہ نے کہا کہ مدارس مساجد، داڑھی اور پگڑی دہشت گردی کی علامت باور کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دینی مدارس اسلام کے لئے قلعہ کا رول ادا کرتے ہیں، جہاں طلباء کو قرآن اور سنت نبوی کی تعلیم دی جاتی ہے مولانا فضل الرحمن نے حکومت سے مذہبی اداروں کے خلاف کارروائی سے گریز کا مطالبہ بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی علماء اور مذہبی اداروں کے خلاف ملک سے دہشت گردی کے صفایا کے نام پر کارروائی برداشت نہیں کرے گی۔ مولانا نے یہ بھی کہا کہ ملک کے وجود میں آنے کے بعد سے اس کی معیشت ، سیاست اور جمہوری نظام پر امریکی اورمغربی طاقتوں کی حکمرانی ہے ۔ مولانا فضل الرحمن نے اپنا خطاب ختم کرتے ہوئے کہا کہ مذہبی قائدین اور علماء ، پاکستان کو انکل سیام اور کافر طاقتوں کے اثرات سے آزاد کرنے کی جدوجہد شروع کریں گے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں