بہار میں آج پہلے مرحلہ کی رائے دہی - تمام تیاریاں مکمل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-12

بہار میں آج پہلے مرحلہ کی رائے دہی - تمام تیاریاں مکمل

پٹنہ
پی ٹی آئی
وزیر اعظم نریندر مودی اور نتیش کمار و لالو پرساد یادو کی قیادت میں بی جے پی اور حریف اتحاد کے سلسلہ وار عام جلسوں کا سلسلہ ختم ہوچکا ہے اور بہار کے49حلقوں میں پہللے مرحلہ کی رائے دہی کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ کل صبح سات بجے سے شام5بجے تک ان حلقوں میں رائے دہی ہوگی۔ ایڈیشنل چیف الکٹورل آفیسر آر لکشمنن نے بتایا کہ ایک کروڑ35لاکھ سے زائد رائے دہندے پہلے مرحلے میں10اضلاع کے49حلقوں میں503امید واروں کی قسمتوں پر مہر لگائیں گے بیشتر حلقوں پر رائے دہی شام پانچ بجے ختم ہوجائے گی تاہم بعض حلقوں میں نظم و ضبط کی صورتحال کے پیش نظر رائے دہی کے وقت میں کمی کرتے ہوئے اس کے اختتام کی مہلت شام4بجے اور3بجے تک رکھی گئی ہے ۔ یہ حلقے نکسلائٹس سے متاثرہ ہیں ۔ کل حق رائے دہی سے استفادہ کرنے والوں میں63لاکھ 17ہزار خواتین اور405زنخے بھی شامل ہیں ۔ بی ایس پی نے جس کا بہار میں کوئی خاص اثر نہیں ہے49کے منجملہ41حلقوں سے اپنے امید وار ٹھہرائے ہیں۔ ان حلقوں میں بی جے پی کے27، جنتادل یو کے24، آر جے ڈی کے17، ایل جے ڈی کے13، کانگریس کے8راشٹریہ لوک سنتا پارٹی کے6اور ہندوستانی عوامی مورچہ کے تین امید وار قسمت آزمائی کررہے ہیں ۔ بایاں محاذ جو6جماعتوں پر مشتمل ہے یہاں اپنی بنیادیں کھڑی کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں ۔ سی پی آئی نے25، سی پی آئی ایم نے 12امیدوار پہلے مرحلہ میں اتارے ہیں۔ لکشمنن نے کہا کہ پہلے مرحلہ میں13212مراکز رائے دہی میں پر امن انتخابات کو یقینی بنانے کے لئے سخت سیکوریٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔ بہار میں انتخابات 5مرحلوں میں رکھے گئے ہیں جس کا آغاز12اکتوبر سے ہوگا اور اختتام5نومبر کو ہوگا ۔ 8نومبر کو گنتی عمل میں آئے گی۔243رکنی موجودہ بہار اسمبلی کی میعاد29نومبر کو ختم ہورہی ہے ۔ لکشمنن نے کہا کہ تمام مراکز رائے دہی پر نیم فوجی فورسس کے دستے تعینات رہیں گے اس کے علاوہ ڈرون اور ہیلی کاپٹرس کے ذڑیعہ بھی نگرانی رکھی جائے گی۔

first phase of Bihar polls today

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں