بی جے پی اقتدار کے لئے فساد کروا سکتی ہے - راج ٹھاکرے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-12

بی جے پی اقتدار کے لئے فساد کروا سکتی ہے - راج ٹھاکرے

ممبئی
پی ٹی آئی
کبھی مودی کے گجرات ماڈل کی تعریفوں کے پل باندھنے والے مہاراشٹرا نو نرمان سینا کے سپریمو راج ٹھاکرے نے وزیر اعظم نریندر مودی پر زبردست تنقید کرتے ہوئے یہ پیشن گوئی کی ہے کہ2019کے لوک سبھا الیکشن سے قبل ملک میں بڑا فساد کروایاجاسکتا ہے ۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ مودی اور ان کی پارٹی اقتدار پر قابض رہنے کے لئے اس حد تک گر سکتی ہے کہ وہ ملک میں بڑا فساد کروادے یا پھر ملک کو خانہ جنگی کے دلدل میں دھکیل دے ۔ راج ٹھاکرے نے یہ واضح کیا کہ اس وقت ملک میں مذہب کے نام پر جو فضا قائم کی گئی ہے وہ اور کچھ نہیں صرف اپنی کرسی بچانے کے کھیل ہے ۔ کلیان ڈمبیولی میونسپل کارپوریشن( کے ڈی ایم سی) الیکشن کے لئے امید واروں کے نام پر آخری مہر لگانے ڈھمبیولی پہنچے راج ٹھاکرے نے پریس کانفرنس کے دوران شیو سینا اور بی جے پی پر بھی طنز کیا کہ تین مرتبہ ڈاکہ ڈالنے والوں کو عوام کب تک جتواتے رہیں گے ۔ اب وقت آگیا ہے کہ وہ ایک موقع دوسری پارٹیوں کو بھی دیں تاکہ شہر صرف کاغذ پر نہیں بلکہ حقیقت میں ترقی کی جانب گامزن ہو ۔ واضح رہے کہ راج ٹھاکرے دو دن کے کلیان ڈمبیولی دورے پر ہیں۔ گزشتہ روز انہوں نے پارٹی ورکروں میں جوش بھرنے کے لئے اپنے مخصوص انداز میں تقریر کی اور پریس کانفرنس کی ۔ انہوں نے اس دوران ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بی جے پی پیسوں کا لالچ دے کر دوسری پارٹیوں کے اراکین اسمبلی اور کارپوریٹروں کو اپنے یہاں شامل کررہی ہے۔ اس کی یہ حرکت اسی کے لئے خطرناک ثابت ہوگی۔

BJP is a party of bluffers, says Raj Thackeray

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں