یوپی میں گاؤ کشی کے الزام میں ہجوم کا 2 افراد پر حملہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-10

یوپی میں گاؤ کشی کے الزام میں ہجوم کا 2 افراد پر حملہ

لکھنو
آئی اے این ایس
اتر پردیش کے دادری شہر میں بیف کھانے کی افواہ پر28ستمبر کے دن ایک معمر شخص کو ہجوم کی جانب سے قتل کئے جانے کے واقعہ کے بعد جمعہ کے دن ریاست کے مین پوری میں مبینہ طور پر ایک گائے کو ذبح کئے جانے کی اطلاع پر دو نوجوانوں کے ساتھ مار پیٹ کی گئی ، تاہم پولیس نے دونوں کو بمشکل تمام بچاتے ہوئے ایک مقامی دواخانہ میں شریک کردیا ۔ شہر میں اس وقت کشیدگی پھیل گئی جب چند افراد کو ایک گائے ذبح کرتے ہوئے پکڑ لیا گیا اور جیسے ہی خبر عام ہوئی چند افراد نے گلیوں میں ان دو نوجوانوں کو پکڑ کر مارنا شروع کردیا ۔ پولیس کے مقام واقعہ پر پہنچتے ہی ہجوم نے سنگباری شرو ع کردی۔ ایک پولیس جیپ کو بھی نذر آتش کردیا گیا جس کے بعد پولیس لاٹھی چارج کرنے پر مجبور ہوگئی۔ نیز پولیس نے ہوائی فائرنگ بھی کی۔ مقام واقعہ پر پولیس کی بھاری جمعیت کو تعینات کردیا گیا اور سینئر ضلعی عہدیداران کی جانب سے صورتحال کی نگرانی جاری ہے ، ایک سینئر عہدیدار نے آئی اے این ایس کو یہ بات بتائی ۔ ملزمین کو ہجوم سے بچانے کے بعد مقامی افراد نے گائے کے مردار حصوں کو ایک گاڑی پر ڈالتے ہوئے سڑک کو مسدود کردیا۔ خیال رہے کہ مین پوری، سماج وادی پارٹی اور اس کے سربراہ ملائم سنگھ یادو کا علاقہ ہے جہاں سے انہوں نے کئی مرتبہ لوک سبھا کے لئے نمائندگی کی ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں