کشمیر میں اودھم پور حملے کا زخمی فوت - عدم رواداری کے خلاف احتجاج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-19

کشمیر میں اودھم پور حملے کا زخمی فوت - عدم رواداری کے خلاف احتجاج

سری نگر
پی ٹی آئی
کشمیر جانے والے ایک ٹرک پر اودھم پور میں پٹرول بم حملہ میں زخمی دو افراد میں سے ایک9دن تک موت و زیست کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد آج جانبر نہ ہوسکا۔ موت کی اطلاع ملتے ہی وادی کے مختلف حصوں میں احتجاج شروع ہوگیا۔ اسی دوران حملہ کے پانچ ملزمین کے خلاف قانون قومی سلامتی کا اطلاق کردیا گیا ۔9 اکتوبر کو ہوئے اس حملہ میں ٹرک کاکنڈکٹر زاہد رسول بھٹ شدید زخمی ہوگیا تھا اور وہ آج دہلی کے صدر جنگ ہاسپٹل میں جانبر نہ ہوسکا۔ اودھم پور میں یہ حملہ بیف پر امتناع کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کے دوران کیا گیا تھا۔ پولیس نے کہا کہ پٹرول بم حملے کے سلسلے میں7افراد کو گرفتار کیا گیا جن میں سے پانچ کے خلاف بی ایس اے کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ۔ یہ ملزمین سندور سنگھ ، دنیش، ہریش سنگھ، بل بہار سنگھ اور وریندر سنگھ ہیں ، ضلع مجسٹریٹ اودھم پور نے پولیس کی ایک رپورٹ پر پی ایس اے کے تحت مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کیا۔ رپورٹ کے مطابق ملزمین مجرمانہ تاریخ رکھتے ہیں اور ان کے خلاف کئی ایف آئی آر درج ہیں ۔ اسی دوران جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے بٹنگو میں جو زاہد کا آبائی موضع ہے ، بطور احتجاج بند منایا گیا ۔ ایک پولیس عہدیدار نے بتایا کہ بٹنگو اور اطراف و اکناف میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں شروع ہوگئیں۔ مظاہرین نے سیکوریٹی فورسس پر پتھراؤ کیا ۔ سیکوریٹی فورسس نے آنسو گیس شل برسائے تاہم کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے ۔ ہزاروں احتجاجیوں نے سری نگر، جموں قومی شاہراہ کو بند کردیا ۔ ان میں سینکڑوں خواتین تھیں۔ ذرائع نے بتایا کہ سیکوریٹی فورسسنے آنسو گیس شل برساتے ہوئے مظاہرین کو منتشر کردیا لیکن وہ بڑی تعداد میں پھر جمع ہوئے اور مختلف مقامات پر احتجاج شروع کردیا ۔ آخری اطلاعتا ملنے تک احتجاج جاری تھا ، اور مسافر گاڑیون کے بشمول سینکڑوں گاڑیاں شاہراہ پر پھنس گئی ہیں۔ صورتحال پر قابو پانے جو انتہائی کشیدہ بتائی جاتی ہے اعلیٰ سیول و پولیس عہدیدار پہنچ گئے ہیں۔ حریت کانفرنس کے دونوں گروپوں سمیت مختلف تنظیموں نے کل بطور احتجاج عام ہڑتال کا اعلان کیا ہے جس کی کشمیری پنڈتوں کی تنظیم نے بھی تائید کی ہے ۔ سید علی شاہ گیلانی کے ایک گروپ نے کہا کہ زاہد کی موت کے لئے پی ڈی پی۔ بی جے پی حکومت ذمہ دار ہے ۔ گیلانی نے کہا کہ آر ایس ایس کی طفیلی تنظیمیں کشمیر میں جدو جہد آزادی سے توجہ ہٹانے کی کوشش کررہی ہیں۔ کشمیری پنڈتوں کی تنظیم سنگھرش سمیتی کے صدر سنجے ٹکو نے ایک بیان میں کہا کہ ایسی حرکتوں پر جلد از جلد قابو پانا چاہئے۔ چیف منسٹر جموں و کشمیر مفتی محمد سعید نے ٹرک کنڈکٹر کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اسے نفرت اور عدم رواداری کی سیاست کا نتیجہ قرار دیا اور کہا کہ یہ قوم کے لئے سنگین چیلنج ہے۔ انہوں نے پر زور انداز میں کہا کہ اس بربریت کے مرتکبین کو کسی بھی حال میں نہیں بخشا جائے گا۔ سعید نے کہا کہ اس بربریت کی حرکت کی مذمت کے لئے ان کے پاس الفاظ نہیں ہے جس نے ایک غریب اور معصوم لڑکے کی جان لے لی جس کا کوئی قصور نہیں تھا۔ انہوںنے گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نفرت اور عدم رواداری کی سیاست نے ایک اور قیمتی جان لے لی۔ یہ ریاست اور ملک کی تکثیریت کو سنگین چیلنج ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ زاہد کی موت کا کوئی بدل نہیں ہوسکتا لیکن انہوں نے غمزدہ خاندان کی ہر ممکنہ مدد کی سرکاری مشنری کو ہدایت دی ہے ۔

Trucker hurt in Udhampur attack dies, triggers protests

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں