اختراعی اسکیمات پر عمل آوری - سرکاری اراضیات کا ہراج کرنے تلنگانہ حکومت کی تیاری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-17

اختراعی اسکیمات پر عمل آوری - سرکاری اراضیات کا ہراج کرنے تلنگانہ حکومت کی تیاری

حیدرآباد
منصف نیوز بیورو (بلرام سنگھ)
نئی ریاست تلنگانہ جس کے متعلق یہ دعویٰ کیا جاتا ہے کہ اس کی تشکیل کے وقت ریاست کے پاس16ہزار کروڑ روپے کا فاضل فنڈ تھا اس بات کا انکشاف چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ایک نہیں کئی بار کیا تھا مگر16ماہ کے دوران ریاست کی معاشی صورتحال میں ڈرامائی تبدیلیاں آئی ہیں تاہم تلنگانہ کی موجودہ ٹی آر ایس حکومت ریاست بھر کی سرکاری اراضیات ہراج کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں تاکہ حکومت کی اختراعی اسکیمات جیسے واٹر گرڈ، مشن کاکتیہ اور اریکگیشن پراجکٹس پر عمل آوری کو یقینی بنانے کے لئے14,500کروڑ روپے اکٹھا کئے جاسکیں ۔ ذرائع کے بموجب چیف منسٹر کے چندر شیکھرا راؤ نے ضلع کلکٹرس کے حالیہ اجلاس میں اس مسئلہ پر گفتگو کی ۔ بتایاجاتا ہے کہ چیف منسٹر نے ضلع کلکٹرس سے سرکاری اراضیات ہراج کرتے ہوئے آمدنی میں اضافہ کرنے کے مسئلہ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ حکومت نے اہم پروگراموں کو روبہ عمل لانے کے لئے قرض لینے کے لئے ان اراضیات کو ہراج کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ گزشتہ سال کے بجٹ میں سرکاری اراضیات کو فروخت کرتے ہوئے6,500کروڑ روپے حاصل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا مگر یہ منصوبہ ناکام رہا کیونکہ رئیل اسٹیٹ سکیٹر مندی کا شکار ہے۔ جاریہ مالیاتی سال حکومت نے لینڈ ریگولائزیشن اسکیم اور زمینوں کو ہراج کرتے ہوئے13,500کروڑ روپے کے حصول کا منصوبہ بنایا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ دو ماہ قبل ہی ضلع کلکٹرس کو غیر مستعملہ سرکاری اراضیات کی نشاندگہی کرنے، انہیں ہراج کرنے کے عمل میں لانے کے لئے تفصیلی منصوبہ بنانے پر زور دیا گیا تھا ۔ اس تفصیلی منصوبہ میں اس بات کی صراحت کرنے کی ہدایت دی گئی تھی کہ کتنی سرکاری اراضیات دستیاب ہیں ۔ کتنی اراضی عدالتی کشاکش سے دوچار ہے۔ قانونی تنازعات سے پاک اراضی، عوامی مفاد کے لئے مستعملہ اراضی اور قیمتی اراضی کی الگ الگ تفصیلات فراہم کی جائیں ۔ ذرائع نے بتایا کہ اضلاع حیدرآباد اور رنگا ریڈی میں1,743زمینوں کی شناخت کی گئی۔ ان دو اضلاع میں363قطعہ کے تحت417ایکر اور259کے تحت851ایکر اراضی پھیلی ہوئی ہے ۔ حکومت توقع ہے کہ حیدرآباد اور رنگا ریڈی اضلاع کی سرکاری اراضیات کو پہلے ہراج کرنے کے بارے میں غور کررہی ہے حیدرآباد کی اراضیات کی مالیت7,852کروڑ، رنگا ریڈی کی اراضیات کی مالیت کاتخمینہ5,105کروڑ روپے لگایا گیا ہے ۔ اس طرح ورنگل کی سرکاری اراضیات کی مالیت493کروڑ اور میدک کی اراضیات کی مالیت280کروڑ روپے رکھی گئی ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ شہر حیدرآباد میں دستیاب بیشتر سرکاری اراضی200مربع گز پر مشتمل ہے، دو یا تین ایکر کی قطعہ اراضی بہت کم ہے جب کہ ضلع رنگا ریڈی میں زیادہ سرکاری اراضی، منڈلوں میں ہے یہ منڈل شہر کے اطراف پھیلے ہوئے ہیں ۔ ان منڈلوں میں سری لنگم پلی، سرور نگر اور راجندر نگر شامل ہیں۔ چیف منسٹر نے سرکاری اراضیات کو قبضوں سے بچائے رکھنے کے لئے ضلع کلکٹرس کو قطعہ اراضی کی حصار بندی کرنے اور ان اراضیات پر یہ ملکیت سرکاری ہے تحریر والے بورڈ نصب کرنے کی ہدایت دی، حکومت نے سرکاری زمینات کے تحفظ کے اقدامات کے لئے 20کروڑ روپے جاری کئے ہیں ۔ حصار بندی کا عمل کم و پیش2ہفتوں کے اندر پورا ہوجائے گا۔

Telangana to auction govt land to fund schemes

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں