سید علی شاہ گیلانی کو پاکستان آنے کی دعوت - وزیر اعظم نواز شریف - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-11

سید علی شاہ گیلانی کو پاکستان آنے کی دعوت - وزیر اعظم نواز شریف

سری نگر
یو این آئی
پاکستان کے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے حریت کانفرنس کے چیر مین سید علی گیلانی کے نام دہلی میںتعینات پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کی وساطت سے ایک تحریری مکتوب روانہ کیا جس میں انہوںنے سید علی شاہ گیلانی کو پاکستان آنے کی باضابطہ دعوت دی ہے ۔ حریت ترجمان کے مطابق نواز شریف نے اپنے مکتوب میں کشمیری قوم کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی محاذ پر مدد جاری رکھنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے صاف الفاظ میں کہا ہے کہ کشمیر ی عوام کی آزادانہ مرضی و منشا کے مطابق ان کے مستقبل کا فیصلہ قیام پاکستان کا نامکمل ایجنڈا ہے اور اس ایجنڈے کو نظر انداز کر کے دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کا خواب خو د فریبی کے سوا کچھ بھی نہیں ہے ۔ انہوں نے لکھا ہے کہ اقوام متحدہ نے کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کو تسلیم کرلیا ہے اور اس کی واگزاری کے لئے جموں و کشمیر میں آزادانہ استصواب رائے پر عمل در آمد کرنا پوری مہذب دنیا کی ذمہ داری ہے۔ حریت ترجمان کے مطابق پاکستان ہائی کمشنر عبدالباسطنے گیلانی کو جمعہ کے دن اپنے گھر واقع تلک مارگ نئی دہلی عشائے پر مدعو کیا تھا جہاں انہوں نے وزیر اعظم کا مکتوب گیلانی کے حوالہ کیا۔ اس موقع پر پاکستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر منصور احمد خان اور دوسرے ذمہ دار بھی موجود تھے جب کہ گیلانی کے پرسنل سکریٹری پیر سیف اللہ، سکریٹری رابطہ عامہ الطاف احمد شاہ اور خود حریت ترجمان ایاز اکبر بھی اس تقریب میں شریک ہوئے ۔ مسٹر گیلانی جو رواں برس کے16اپریل سے بدستور اپنی حیدر پورہ رہائش گاہ پر نظر بند تھے ، میڈیکل چیک اپ کی غرض سے جمعہ کے روز دہلی روانہ ہوئے۔ قابل ذکرہے کہ گیلانی نے ستمبر کے اوائل اور ہند پاک کے قومی سلامتی مشیروں کی سطح کی بات چیت کی منسوخی کے چند روز بعد ہی وزیر اعظم پاکستان کو ایک خط لکھا تھا جس میں انہوں نے مسئلہ کشمیر پر واضح موقف اپنانے پر مسٹر نواز شریف کا شکریہ ادا کیا تھا۔

Nawaz Sharif invites hardline Hurriyat leader Syed Ali Shah Geelani to Pakistan

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں