بہار میں دوسرے مرحلہ کے لئے آج رائے دہی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-16

بہار میں دوسرے مرحلہ کے لئے آج رائے دہی

پٹنہ
یو این آئی
بہار اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلہ میں جن نشستوں کے لئے کل پولنگ ہوگی ان میں سابق چیف منسٹر جتن رام مانجھی اور اسمبلی کے اسپیکر اودئے نارائن چودھری کے امام گنج حلقہ کے علاوہ کچھ اور ایسی نشستیں ہیں جن پر لوگوں کی نظریں ٹکی ہوئی ہیں۔ ضلع گیا کا نکسلائٹس سے متاثرہ امام گنج حلقہ سب سے اہم ہے ۔ اس محفوظ حلقہ سے اسمبلی اسپیکر اور قد آور دلت لیڈر اوردئے نارائن چودھری جنتادل یو سے اور ریاست کے سابق چیف منسٹر اور ہندوستانی عوام مورچہ کے صدر جتن رام مانجھی مقابلہ کررہے ہیں، پچھلے چار انتخابات میں چودھری کا مقابلہ راشٹریہ جنتادل کے امید وار سے ہوتا رہا ہے اور ہر انتخاب میں چودھری نے بازی ماری ہے لیکن اس مرتبہ حالات بدل گئے ہیں، راشٹریہ جنتادل اور جنتادل یو اب ایک ساتھ ہیں۔ دوسرے مرحلے میں ہونے والے انتخابات میں جن نشستوں پر سب کی نظریں ٹکی ہوئی ہیں ان مخدوم پور ، چین پور، چیناری ، دینارا، ڈیہری، کرتھا، گھوسی، نوینگر ، اورنگ آباد، کٹیبا اور بودھ گیا میں شامل ہیں ۔ ضلع جہاں آباد کے مخدوم پر اسمبلی حلقہ سے بھی مانجھی الیکشن لڑ رہے ہیں۔ مانجھی نے گزشتہ انتخابات میں جے ڈی یو کے ٹکٹ پر راشٹریہ جنتادل کے دھرم راج پاسوان کو5805ووٹوں کے فرق سے شکست دی تھی ۔ مانجھی اس بار این ڈی اے کے اتحاد سے انتخابی میدان میں اترے ہیں۔ ضلع کیمور کے چین پور اسمبلی حلقہ سے جے ڈی یو کے ٹکٹ پر سابق رکن پارلیمنٹ مہابلی سنگھ انتخاب لڑ رہے ہیں ۔ اس حلقہ پر ان کا مقابلہ بی جے پی امید وار اور سبکدوش ہونے والے رکن اسمبلی برج کشور بند سے ہے ۔ گزشتہ انتخابات میں بی جے پی نے جے ڈی یو کے ساتھ اتحاد کیا تھا ۔ اس بار کے انتخابات میں جے ڈی یو اور بی جے پی دونوں کی ساکھ داؤ پر لگی ہوئی ہے ۔ ضلع روہتاس کے چیناری حلقہ سے بی جے پی ایم پی چھیدی پاسوان کے بیٹے روی پاسوان انتخابات لڑ رہے ہیں۔ روی پاسوان پہلی بار انتخابی میدان میں اترے ہیں ۔ این ڈی اے کی اتحادی لوک سمتا پارٹی کی جانب سے للن پاسوان میدان میں ہیں ۔ للن پاسوان گزشتہ انتخابات میں راشٹریہ جنتادل کے ٹکٹ پر الیکشن ہار گئے تھے ۔ روی پاسوان کا سیاسی مستقبل جہاں داؤ پر لگا ہوا ہے وہیں للن پاسوان بھی اپنی جیت کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑنا چاہتے ۔

Second phase of Bihar polls today

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں