نیپال کی ہندوستان کو دھمکی - اشیا کی سپلائی میں رخنہ ڈالنے کا الزام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-05

نیپال کی ہندوستان کو دھمکی - اشیا کی سپلائی میں رخنہ ڈالنے کا الزام

نئی دہلی
پی ٹی آئی
نیپال نے آج ہندوستان سے کہا کہ پٹرولیم اور دیگر ضروری اشیاء کی فراہمی میں رکاوٹ ڈال کر اسے اس طرح سے مجبور نہ کرے کہ اسے تمام پریشانیوں کے باوجود چین کی طرف جانے پر مجبور ہونا پڑے ۔ ہندوستان کی طرف سے نیپال کی قیادت کو دئیے گئے اس یقین دہانی پر کہ جلد سے جلد حالات کو حل کریں گے، نیپال کے سفیر دیپ کمار اپادھیائے نے کہا کہ ہندوستان ایک مقررہ وقت دینا چاہئے ۔ مطلب یہ کہ کتنے گھنٹے، ہفتے یا مہینے؟انہوں نے کہا کہ اگر آپ ہمیں مجبور کریں گے یا جیسا کہ آپ کہتے ہیں کہ مرتا کیا نہ کرتا تو ہم دوسرے ممالک سے رابطہ کرنے پر مجبور ہوجائیں گے ۔ ساتھ ہی کہا تاہم اشیا بھیجنے سے متعلق دقتیں ہیں لیکن اگر کوئی متبادل نہیں بچتا تو نیپال چین سمیت دیگرممالک سے رابطہ کرے گا ۔ اپادھیائے نے کہا کہ نیپال ضروری اشیاء کی سپلائی میں آرہی رکاوٹ پر ہندوستان کو اپنی تشویش سے آگاہ کرچکا ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئی دہلی معاملے کو جلد حل کرے گا خاص طور پر یہ دیکھتے ہوئے کہ ہمالیائی ملک میں دسہرہ اور دیوالی جیسے تہوار بڑے دھوم دھام سے منائے جاتے ہیں ۔ حال میں ہندوستان مخالف مظاہروں پر انہوں نے واضح طور پر کہا ہندوستان نے جب زلزلے کے بحران کے وقت نیپال کی مدد کی تھی تب نیپال میں ہر کسی نے ان کی تعریف کی اور ان کا شکریہ ادا کیا لیکن جب سپلائی میں رخنہ آئے گا تو لوگ رد عمل کا اظہار کریں گے ۔ اور مظاہرہ کریں گے ۔ یہ فطری ہے ۔ نیپال میں ہندوستان مخالف مظاہرے ہوئے ہیں ایسا اس لئے کہ ان لوگوں کو لگتا ہے کہ ان کی حکومت کی طرف سے نئے آئین کا اطلاق کئے جانے کی وجہ سے ان سے بدلہ لیاجارہا ہے کیونکہ ہندوستان کا خیال ہے کہ نیپال کی سرحدی ریاستوں میں رہنے والے مدھیشی افراد کے ساتھ تفریق برتی گئی ہے اور انہوں نے صاف طور پر اپنی ناراضگی بھی ظاہر کی ہے ۔ نیپال کا آئین مسودہ تیار ہونے کے دوران مدھیشیوں نے ان علاقوں میں پر تشدد احتجاج بھی کیا تھا۔ زبردست حمایت سے آئین منظور کئے جانے کے چند گھنٹے بعد ہی تشدد شروع ہوگیا تھا اور ضروری رسد لے کرکاٹھمنڈو جانے والے ٹرکوں کو روک دیا گیا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں