قندوز ہاسپٹل حملہ - اقوام متحدہ کی جانب سے شدید مذمت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-05

قندوز ہاسپٹل حملہ - اقوام متحدہ کی جانب سے شدید مذمت

واشنگٹن
پی ٹی آئی
ایم ایس ایف کا کہنا ہے کہ اس نے اپنا عملہ قندوز میں امریکی بمباری کا نشانہ بننے والے پسلتان سے واپس بلالیا ہے ۔ تنظیم کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایم ایس ایف کا ہسپتال بند کردیا گیا ہے ۔ تمام شدید زخمیوں کو دیگر ہسپتالوں میں بھیج دیا گیا ہے اور اب ہمارے ہسپتال میں تنظیم کا کوئی بھی اہلکار موجود نہیں ہے ۔ امریکی صدر بارک اوباما نے افغانستان کے شہر قندوز میں ایک ہاسپٹل پر غلطی سے فضائی حملے پر انتہائی افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ اس حملہ میں19افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔ اوباما نے پنٹگان کو اس معاملہ کی تحقیقات میں لمحہ لمحہ کی پیشرفت رکھنے کی ہدایت بھی دی ہے ۔ اوباما نے ایک اعلامیہ میں کہا کہ میں امریکی عوام کی جانب سے اس افسوسناک واقعہ پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتا ہوں جس میں طبی ماہرین کے علاوہ دیگر عام شہری بھی ہلاک ہوگئے تھے ۔ اوباما نے کہا کہ ڈاکٹرس وداؤٹ بارڈرس کے ہاسپٹلس پر حملہ ایک بڑا سانحہ ہے ۔ محمکہ دفاع نے اس سلسلہ میں مکمل تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔ اوباما نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ تفتیش کے نتائج کا انتظار میں ہیں جس کے حاصل ہونے کے بعد وہ فیصلہ کریں گے کہ کس افسوسناک حالات میں یہ واقعہ پیش آیا ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے محکمہ دفاع کو مجھے لمحہ لمحہ کی تحقیقات کی پیشرفت سے آگاہ رکھنے کی ہدایت دیدی ہے اور توقع رکھتا ہوں کہ تمام حالات اور واقعات کا احاطہ جلد کرلیاجائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکہ افغان حکومت کے صدر اشرف غنی کے ساتھ مشترکہ طور پر امور انجام دینے کا سلسلہ جاری رکھے گا اور افغانستان کو محفوظ بنانے کے لئے افغان نیشنل ڈیفنس اور سیکوریٹی فورسس کو بین الاقوامی شراکت داروں کا تعاون بھی حاصل رہے گا۔ نیویارک میں اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بان کی مون نے بھی قندوز کے ہاسپٹل پر فضائی حملوں کی سختی سے مذمت کی ہے جس کے نتیجہ میں میڈیسن سینس فرنٹیرز کے ڈاکٹرس ہلاک اور زخمی ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت ہاسپٹلس اور میڈیکل عملہ کو خصوصی طور پر تحفظ کی فراہمی کو یقینی بنائے جانے کی وضاحت کردی گئی ہے ۔ انہوں نے اس افسوسناک واقعہ کی غیر جانبدارانہ اور مکمل تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ احتساب کے عمل کو یقینی بنانے کے لئے یہ عمل ضروری ہے ۔ ناٹو کے سکریٹری جنرل اینڈرس فارگ راسمو سین نے کہا کہ انہیں اس افسوسناک واقعہ سے دلی صدمہ پہنچا ہے اور اس واقعہ کی امریکی تحقیقات افغان حکومت کے اشتراک سے شروع ہوچکی ہے ۔ قندوز میں ہسپتال پر کی جانے والی امریکی بمباری کو اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ادارے کے مندوب نے المناک، ناقابل معافی اور ممکنہ طور پر مجرمانہ فعل قرار دیا تھا۔ انسانی حقوق کے مندوب زید رعد نے واقعے کی شفاف اور مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ہلاک شدگان میں بارہ اسٹاف ممبرز اور سات مریض شامل تھے۔

UN says Afghan hospital bombing may be war crime

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں