مظفر نگر فساد - بی جے پی لیڈروں کے خلاف ضمانتی وارنٹ کا اجرا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-25

مظفر نگر فساد - بی جے پی لیڈروں کے خلاف ضمانتی وارنٹ کا اجرا

مظفر نگر
ایجنسیاں
مظفر نگر فسادات کے معاملے میں عدالت میں نہیں پیش ہونے پر ایک مقامی دالت نے مرکزی وزیر سنجیو بالیان سمیت بی جے پی کے کئی رہنماؤں کے خلاف ضمانتی وارنٹ جاری کیا ہے۔ عدالت نے بالیان کے علاوہ بی جے پی لیڈر بھارتیندو سنگھ، پارٹی کے ممبران اسمبلی سریش رانا اور سادھوی پراچی سمیت مظفر نگر فسادات کے ملزمان کے خلاف ضمانتی وارنٹ جاری کیا ہے۔ حکم کی خلاف ورزی کرنے اور اپنی تقریروں سے فرقہ وارانہ کشیدگی پھیلانے کے معاملات میں عدالت میں پیش نہ ہونے کی وجہ سے ان لیڈروں کے خلاف وارنٹ جاری کیے گئے ہیں ۔ایڈیشنل چیف جوڈیشل مجسٹریٹ سیتا رام نے جن لوگوں کے خلاف وارنٹ جاری کیا ہے ان میں وزیر مملکت برائے زراعت بالیان ، سنگھ، رانا، پراچی، بی جے پی کے مقامی رہنما امیش ملک ، سابق بلاک پرمکھ وریندر سنگھ، مقامی کو آپریٹیو سوسائٹی کے صدر شیام پال بھی شامل ہیں ۔ ان تمام کو2نومبر کو عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ وارنٹ جاری کرتے ہوئے اے سی جے ایم نے کہا کہ ملزمان کے پیش نہ ہونے کی وجہ سے سماعت میں تاخیر ہوتی جارہی ہے ۔ استغاثہ کے مطابق یہ تمام ملزم تعزیرات ہند کی دفعہ188(دفعہ44کی خلاف ورزی) ،353( سرکاری عملہ پر حملہ یااسے کام سے روکنا) اور341غلط طریقے سے یرغمال بنانا کے تحت الزامات کا سامان کررہے ہیں۔ الزام ہے کہ انہوں نے نڈالا مڈور پنچایت کی میٹنگ میں حصہ لیا اور حکم امتناعی کی خلاف ورزی کی اور30 اگست 2013کو اپنی تقریروں سے تشدد کو بھڑکایا ۔ واضح رہے کہ مظفر نگر اور ارد گرد کے علاقوں میں فرقہ وارانہ تشدد میں60لوگوں کی جان چلی گئی تھی اور40ہزار سے زیادہ افراد بے گھر ہوئے تھے ۔

Muzaffarnagar riots case: Bailable warrant against Union minister, BJP leaders

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں