سرحد پر امن کی برقراری کے لئے ہند چین سرکردہ عہدیداروں بات چیت کا انعقاد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-09

سرحد پر امن کی برقراری کے لئے ہند چین سرکردہ عہدیداروں بات چیت کا انعقاد

بیجنگ
پی ٹی آئی
ہندوستان اور چین کے حکام نے متنازعہ سرحدی علاقوں پر اپنے فوجیوں کے مابین جھڑپوں کو روکنے سے متعلق اقدامات کے لئے یہاں ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ یہ اجلاس ایک ایسے وقت منعقد کیا گیا جب ہندوستانی فوجیوں کی جانب سے لگائے گئے نگرانی جھونپڑے کو چین کی پیپلز لبریشن آرمی( پی ایل اے) کی جانب سے گزشتہ ماہ ہٹادئیے جانے کے الزامات سامنے آئے تھے ۔ اس طرح دونوں فریقین کے درمیان امن برقرار رکھنے کے معاہدہ کی خلاف ورزی ہوئی تھی۔ ہند۔ چین سرحدی امور سے متعلق ورکنگ میکانزم برائے مشاورت و کو آرڈینیشن(ڈبلیو ایم سی سی) سے تعلق رکھنے والے دونوں ممالک کے معتمدین خارجہ اور فوجی حکام نے اس اجلاس میں سرحد کی صورتحال کا جائزہ لیا ۔ یہ میکانزم 2013ء کے بعد سے دونوں فریقین کے لئے اہمیت اختیار کرچکا ہے ، جس کے ذریعہ دونوں ممالک اپنے علاقوں میں فوجی سرگرمیوں اور دیگر امور پر کشیدگی دور کرنے کی کوشش کرتے ہیں ۔ ہندوستانی عہدیداروں نے متذکرہ اجلاس میں ہوئی بات چیت پر کسی تبصرہ سے انکار کردیا تاہم چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چوننگ نے آج یہاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ ان مذاکرات کے ذریعہ ہم سرحدی علاقوں پر امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لئے اقدامات کرسکتے ہیں ہم سمجھتے ہیں کہ سرحد کا علاقہ پر امن ہے جب کہ ہم نے بارہا اس بات کا اظہار کیا ہے کہ دونوں ممالک مشترکہ طور پر سرحد کے مسئلہ کی قطعی یکسوئی کے لئے کام کرسکتے ہیں ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں