دادری قتل سانحہ - ایک منصوبہ بند سازش - کانگریس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-11

دادری قتل سانحہ - ایک منصوبہ بند سازش - کانگریس

نئی دہلی
آئی اے این ایس
کانگریس نے ہفتہ کے دن دادری قتل سانحہ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس واقعہ کو پہلے سے تیار کردہ منصوبہ اور ماحول کو پراگندہ اور کشیدہ کرنے کے لئے بہت ہی باریک بینی کے ساتھ بنائی گئی سازش کا ایک حصہ قرار دیا ۔ خیال رہے کہ28ستمبر کو راجدھانی دہلی کے قریب واقع دادری میں بیف کھانے کی افواہ پر ایک ہجوم کی جانب سے محمد اخلاق نامی ایک مسلم شخص کو ہلاک کردیاگیا تھا ۔ سابق مرکزی وزیر قانون کپل سبل نے کہا کہ دادری میں جو کچھ ہوا ہے ، محض محمد اخلاق پر حملہ نہیں بلکہ ہندوستانی آئین، جمہوریت کی بنیادوں ، ہماری عمومی روایات ، ہمارے ثقافتی تنوع، ہمارے تحمل اور برداشت کی روح اور بالآخر ہندوستانی روح پر حملہ کے مترادف ہے ۔ ہم اس واقعہ کی پورے شدو مد کے ساتھ مذمت کرتے ہوئے اور اس کے خلاف جدو جہد کرنے میں اپنی کوئی کسر نہ چھوڑیں گے ۔ سبل نے کہا کہ جس انداز میں محمد اخلاق کو نشانہ بنایا گیا ہے ، وہ محض ہندو۔ مسلم کے درمیان ہوئی جھڑپ نہیں بلکہ یہ ایک پہلے ہی سے تیار کردہ منصوبہ بندی اور خوف و ہراس کاماحول پیدا کرنے کی خفیہ سازش ہے تاکہ بہار میں سیاسی نظام کو درہم برہم کرتے ہوئے بی جے پی کے لئے راہ ہموار کی جائے ۔ نیز انہوں نے وزیر اعظم کی اس مسئلہ پر بے حس خاموشی پر بھی سوالیہ نشان لگاتے ہوئے کہا کہ مودی جی کو ایک بیان جاری کرنے میں 9دن انتظار کرنا نہیں چاہئے ۔ ان کے الفاظ بھی ایسے نہیں ہیں کہ جس سے فسطائی طاقتوں پر لگام کسنے کا کوئی مفہوم برآمد ہوتا ہو ۔ جن فسطائی طاقتوں نے پنسارے ، دھبولکر اور کلبرگی کو قتل کیا، جن فسطائی طاقتوں نے جموں و کشمیر اسمبلی میں ایک رکن اسمبلی کو پیٹا، جن طاقتوں نے ممبئی میں غلام علی کو اپنے فن کا مظاہرہ کرنے کی اجازت نہیں دی ، جن طاقتوں نے ایک جوڑے کو ہوٹل سے باہر نکالتے ہوئے ان کی نجی زندگی کو بے پردہ کیا ، یہ سب وہی ہین جنہوں نے بے رحمی کے ساتھ اخلاق کو قتل کردیا۔ ان فسطائی طاقتون کے پس پردہ ایک منصوبہ ساز سیاستداں موجود ہیں جن کا مقصد محض یہی ہے کہ نفرتوں کے بیج بوئے جائیں تاکہ اس تشد د کی راہ سے اسے اپنے سیاسی مقاصد کی تکمیل کریں ۔ ملک کو متحد کرنے اور امن و امان اور خوشحالی پیدا کرنے کے بجائے ان کا مقصد کسی بھی طرح ووٹوں کی تعداد کو بڑھانا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ سب کا ساتھ سب کا وکاس اور دیش کو ایک رہنا ہے جیسے مودی کے الفاظ سے ان کا کھوکھلا پن کو سورج کی روشنی کی طرح عیاں اور ظاہر کرتے ہیں ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں