بہار انتخابات - عظیم اتحاد اور بی جے پی کی ایک دوسرے پر الزام تراشی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-18

بہار انتخابات - عظیم اتحاد اور بی جے پی کی ایک دوسرے پر الزام تراشی

پٹنہ
یو این آئی
بی جے پی کے سینئر لیڈر اور بہار اسمبلی میں اپوزیشن قائد نند کشور یادو نے آج کہا کہ کانگریس، راشٹریہ جنتادل(آر جے ڈی) اور جنتادل یو نے بہار میں60برس تک حکومت کی ہے ۔ اور غریبی ، بیروزگاری، ایمرجنسی اور اسکامس ان کی حکومت کی کامیابیاں رہی ہیں ۔ نند کشور یادو نے کانگریس صدر سونیا گاندھی کی آج بہار میں کی گئی انتخابی تقریروں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ ساٹھ برس تک اپ نی حکومت کی کامیابی تک کو بتا نہیں پارہی ہیں اور16مہینے کی نریندر مودی حکومت پر مہنگائی اور بیروزگاری کا الزام لگا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سماجی و اقتصادی اعداد و شمار کی رپورٹ میں ملک بھر کے غریبوں کی ریاست گیر اور علاقہ وار تفصیلات آچکی ہیں ۔ کانگریس اور اس کے اتحادی اگر انہیں اچھی طرح دیکھ لیں تو انہیں اس بات کاخود پتہ چل جائے گا کہ ساٹھ برس میں ان کی کیا کامیابی رہی ہے ۔ بی جے پی قائد نے کہا کہ کانگریس نے کسانوں کو زرعی مزدر بنادیا، کسانوں کی زمین حاصل کر کے انہیں بے زمین بنادیا، غریبی دور کرنے کا نعرہ دیتے دیتے غریبی میں اضافہ کردیا اور بہار میں کوئی بھی صنعتی کاروبار نہ لگا کر بیروزگاری بڑھا دی ۔ انہوں نے کہا کہ سچائی یہ ہے کہ غریبی و بیروزگاری اور اسکامس کانگریس کی ساٹھ برس کی کامیابی ہے۔ بہار میں بھی کانگریس، آڑ جے ڈی، جنتادل یو اتحاد کی ساٹھ برس کی یہی کامیابی ہے۔

راشٹریہ جنتادل کے صدر اور بہار کے سابق چیف منسٹر لالو پرساد یادو نے دال کی ریکارڈ توڑ قیمتوں پر بھارتیہ جنتا پارٹی اور وزیر اعظم نریندر مودی پر آج جم کر نشانہ لگایا اور کہا کہ بہار میں بی جے پی کی دال نہیں گلی تو اب دال کو ہی مہنگا کردیا ۔ یادو نے ٹویٹ کیا۔ بہار میں بی جے پی کی دال نہیں گلی تو دال کو ہی مہنگا کردیا۔ غریب کے ہاتھ سے پلیٹ چھین کر امیروں کی جیب بھررہے ہیں مودی۔ موتہاری میں جمعہ کو اپنے اوپر پنکھا گرنے کے واقعہ پر انہوں نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا میرا کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا ، دیوی ماں ہر پل میرے ساتھ رہتی ہیں۔ اس سے قبل یادو نے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے سربراہ موہن بھاگوت پر حملہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھاگوت 70 فیصد غریب ، محروم ہندو طبقات کی تحفظات کی مخالفت کرتے ہیں تو اس سے واضح ہے کہ آر ایس ایس ایک برہمن نواز اور نسل پرست تنظیم ہے ۔ نہ کہ ہندو توا تنظیم ہے ۔

چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے ملک کے گرتے ہوئے برآمدات کے گراف پر مرکزکی نریندر مودی حکومت پر طنز کرتے ہوئے آج کہا کہ اچھے دن لانے کا وعدہ کرنے والے مودی جی اچھے دن چھوڑ ئے، ہمارے پرانے دن ہی لوٹا دیجئے ۔ نتیش کمار نے وزیر اعظم نریندر مودی پر حملہ کرتے ہوئے طنز کیا10مہینوں سے لگاتار گراوٹ کے بعد برآمدات اس سال کی سب سے نچلی سطح پر ہے ۔ مودی جی اچھے دن چھوڑئیے ہمارے پرانے دن ہی لوٹا دیجئے ۔ بہار اسمبلی انتخابات کے لئے پانچ مرحلوں میں جاری انتخابات کے درمیان بی جے پی اور جنتادل یو اور راشٹریہ جنتادل کے درمیان الزامات جوابی الزامات کا دور جاری ہے۔ وہین دوسری طرف لالو پرساد یادو اور نتیش کمار مرکز کی مودی حکومت پر بلیک منی اور مہنگائی سمیت تمام معاملوں پر زبردست حملے کررہے ہیں ۔

Bihar polls - Grand Alliance & BJP blame each other

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں