مودی حکومت دالوں کی قیمتوں میں اضافہ کی روک تھام میں ناکام - سونیا گاندھی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-18

مودی حکومت دالوں کی قیمتوں میں اضافہ کی روک تھام میں ناکام - سونیا گاندھی

بکسر
یو این آئی
وزیر اعظم نریندر مودی پر غریبوں کی حالت زار کے سلسلہ میں بے حس ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے کانگریس صدر سونیا گاندھی نے آج کہا کہ مودی نے اشیائے ضروریہ جیسے دالوں اور خوردنی تیل کی بڑھتی قیمتوں کی روک تھام کے لئے موثر اقدامات نہ کرتے ہوئے ملک کے عوام کو دھوکہ دیا ہے ۔ کانگریس امید وار سنجے کمار تیواری کی تائید میں یہاں کے ایر پورٹ گراؤنڈ پر انتخابی ریالی سے خطاب میں سونیا گاندھی نے یہ کہتے ہوئے خاتون رائے دہندوں تک رسائی کی کوشش کی کہ اشیائے ضروریہ جیسے دالوں اور خوردنی تیل کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے کے باعث خواتین کے لئے اپنی گرہستی چلانا دشوار ہوگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مودی2014کے لوک سبھا الیکشن کے دوران ان دعویٰ کیا کرتے تھے کہ ان کی پارٹی کے برسر اقتدار آنے پر قیمتیں گھٹادی جائیں گی جب کہ آج حکومت کو دالوں اور خوردنی تیل کی بڑھتی قیمتوں پر قابو پانے سے کئی دلچسپی دکھائی نہیں دیتی جو عوام سے دھوکہ کے مترادف ہے ۔ کانگریس صدر نے کہا کہ وزیر اعظم خود اپنے حلقہ میں عوام سے کیا گیا وعدہ پورا نہ کرسکے ۔ لہذا وہ بہار کے عوام سے بھی اپنے وعدے پورے کرنے والے نہیں ۔ چیف منسٹر نتیش کمار کی ستائش کرتے ہوئے سونیا گاندھی کہا کہ بہار نے ان کی قیادت میں متاثر کن ترقی کی ہے اور وہ ریاست کی ترقی کے لئے ووٹ مانگنے آئی ہیں ۔ انہوں نے این ڈی اے پر اپنے امید وار چیف منسٹری کا اعلان نہ کرنے پر بھی طنز کیا۔ انہوں نے سوال کیا کہ سیکولر مہا گٹھ بندھن کے امید وار چیف منسٹری نتیش کمار ہیں ۔ این ڈی اے کا امید وار چیف منسٹری کہاں ہے؟ انہوں نے عوام کو یاد دہانی کرائی کہ کانگریس دور میں ملک نے مختلف شعبوں میں ترقی کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ملک نے تعلیم، صحت ، نیو کلیر سائنس، خلائی ٹکنالوجی اور انفارمیشن ٹکنالوجی کے شعبوں میں زبردست ترقی کی تھی ۔ ان کی پارٹی کے دور اقتدار میں ملک کی داخلی سلامتی کی صورتحال بھی بہتر ہوئی تھی ۔ بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے کو موقع پرست اتحاد قرار دیتے ہوئے سونیا نے کہا کہ بی جے پی کو اپنے دور اقتدار میں صنعت کاروں کے چنندہ گروپ کے مفادات کو بڑھاوا دینے سے زیادہ دلچسپی ہے ۔ کسی کو بھی توقع نہیں کرنی چاہئے کہ ایسا اتحاد ریاست کے لئے کچھ کرے گا پی ٹی آئی کے بموجب نریندر مودی حکومت پر اپنی آئیڈیالوجی عوام پر مسلط کرنے کی کوشش کا الزام عائد کرتے ہوئے کانگریس صدر نے کہا کہ ملک میں فرقہ وارانہ جنون پیدا کیاجارہا ہے ۔ افواہوں پر بے قصور لوگ ہلاک کئے جارہے ہیں ۔ دانشوروں کو دھمکایاجارہا ہے ۔ مودی کے دور اقتدار میں ملک کا جمہوری و سماجی تانہ بانہ خطرہ میں پڑ گیا ہے ۔ سونیا نے کہا کہ بی جے پی حکومت جمہوری نظریات سے انحراف کررہی ہے ۔ وہ اپنی آئیڈیالوجی عوام پر مسلط کرتے ہوئے ہماری جمہوریت کے لئے سنگین خطرہ پیدا کررہی ہے ۔

Bihar: Sonia attacks PM Modi on price rise, growing intolerance

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں