دفعہ 370 ناقابل تنسیخ و ناقابل ترمیم - جموں و کشمیر ہائی کورٹ کا فیصلہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-12

دفعہ 370 ناقابل تنسیخ و ناقابل ترمیم - جموں و کشمیر ہائی کورٹ کا فیصلہ

سری نگر
پی ٹی آئی
جموں و کشمیر ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ ریاست کو خصوصی موقف عطا کرنے والی دفعہ370 دستور میں مستقل حیثیت رکھتی ہے ۔ اور اس میں ترمیم ، تبدیلی یا تنسیخ کی گنجائش نہیں ہے ۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ دفعہ35Aریاست میں موجودہ قوانین کو تحفظ فراہم کرتی ہے ۔ جموں و کشمیر ہائی کورٹ کے اس فیصلہ سے بی جے پی اور آر ایس ایس کو زبردست دھکہ لگا ہے جو ریاست کو خصوصی اختیارات عطا کرنے والی اس دفعہ کو منسوخ کرنے کا عرصہ دراز سے مطالبہ کرتے آرہے ہیں اور حالیہ عرصہ میں مرکز میں بی جے پی کے بر سر اقتدار آنے کے بعد اس مطالبہ نے شدت اختیار کرلی ہے ۔ دفعہ35اے کی آئینی حیثیت کو آر ایس ایس سے وابستہ ایک تھنک ٹینک جے کے اسٹیڈی سنٹر نے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔ جسٹس حسنین مسعودی اور جسٹس جانک راج کوتوال پر مشتمل ڈویژن بنچ نے60صفحات کے اپنے فیصلے میں کہا کہ دفعہ370اگرچہ عارضی دفعہ کے عنوان سے اور21ویں پیراگراف میں عارضی قابل منتقلی اور خصوصی دفعات کے عنوان کے تحت شامل کی گئی ہے ، لیکن دستور میں اس کی مستقل حیثیت ہے ۔ معزز عدالت نے کہا کہ یہ دفعہ ترمیم ، تنسیخ یا کالعدم کئے جانے سے بالاتر ہے جہاں تک ریاست کی دستوری اسمبلی کا معاملہ ہے1957میں اس کی تحلیل سے قبل اس نے اس کی ترمیم یا تنسیخ کی سفارش نہیں کی ۔ عدالت نے یہ بھی احساس ظاہر کیا کہ صدر جمہوریہ دفعہ379(1)کے تحت ریاستی حکومت سے مشاورت یا منظوری سے جو بھی مناسب تصور کیاجائے استثنیٰ اور تبدیلیوں کے لئے ریاست کو دستور کی کسی بھی دفعہ کی توسیع کا اختیار رکھتے ہیں ۔ ہائی کورٹ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ جموں و کشمیر دیگر خود مختار ریاستوں جس نے دستاویز الحاق پر دستخط کئے تھے ، کی طرح ملک میں ضم نہیں ہوئی تھی بلکہ اس نے ہندوستان کے ساتھ الحاق کے وقت اپنی محدود خود مختاری برقرار رکھی تھی ۔

Article 370-Special status conferred to Jammu & Kashmir is irrevocable, says High Court of J&K

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں