کشن گنج میں تقریر پر اکبر اویسی کی گرفتاری کے لئے بہار پولیس کا وارنٹ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-08

کشن گنج میں تقریر پر اکبر اویسی کی گرفتاری کے لئے بہار پولیس کا وارنٹ

akbar-owaisi
کشن گنج
پی ٹی آئی، یو این آئی
مجلس اتحاد المسلمین کے تلنگانہ اسمبلی میں فلور لیڈر اکبر الدین اویسی کے خلاف بہار پولیس نے گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا ہے ۔ کشن گنج کے سپرنٹندنٹ پولیس راجیو رنجن نے بتایا کہ رکن اسمبلی کے خلاف یہاں ایک ریالی میں مبینہ اشتعال انگیز تقریر کے لئے کوچہ دامن پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کیا گیا۔ اس مسئلہ پر ملاقات کرنے والے میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے رکن پارلیمنٹ حیدرآباد و صدر مجلس بیرسٹر اسد الدین اویسی نے کہا کہ اس مسئلہ سے ان کی پارٹی کی قانونی ٹیم نمٹے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی آر کی مصدقہ نقل حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اس کے بعد ہی آگے کی کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس پر کوئی تبصرہ کرنا نہیں چاہتے کہ تقاریر میں کس طرح کی زبان استعمال کرنا چاہئے اور نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گجرات میں 300لوگوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا اور اس وقت کے چیف منسٹر اسے روکنے میں ناکام رہے ، کوئی بھی یہ نہیں بھول سکتا۔بیرسٹر اویسی نے کہا کہ ایف آئی آر درج کیا گیا ہے اس مسئلہ سے ہماری قانونی ٹیم نمٹے گی ۔ کشن گنج ایس پی نے بتایا کہ اکبر الدین اویسی کے خلاف پیر کو بہار کے کوچہ دامن پولیس اسٹیشن میں سکشن153Aاور188کے تحت معاملہ درج کیا گیا تھا۔ گرفتاری سے متعلق سوال پر ایس پی نے کہا کہ پولیس قانون کے مطابق کام کرے گی ۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ4اکتوبر کو کوچہ دامن اسمبلی حلقہ کے سوناتھا ہائر سکنڈری اسکول میں اکبر اویسی نے اپنی انتخابی تقریر میں وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف نہایت قابل اعتراض الفاظ استعمال کیا تھا ۔ اس کا نوٹس لیتے ہوئے الیکشن کمیشن نے اکبر اویسی کے خلاف مثالی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا معاملہ درج کرایا۔ رنجن نے بتایا کہ جانچ کے بعد اکبر اویسی کے خلاف الزام صحیح پائے جانے پر ان کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری کیا گیا ہے ۔اور ان کی گرفتاری کے لئے پولیس ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ یہ پوچھے جانے پر کہ کیا یہ ٹیم حیدرآباد جائے گی تو انہوں نے کہا کہ پولیس کارروائی کے تحت اقدامات کئے جائیں گے۔ اکبر اویسی کو کب تک گرفتار کایجائے گا اس سوال پر ایس پی نے کہا کہ پولیس قانون کے مطابق کام کررہی ہے اور جو بھی کارروائی ہوگی اس سلسلہ میں میڈیا کو واقف کروایا جائے گا۔ اسی دوران بہار مجلس یونٹ کے جنرل سکریٹری آفتاب احمد نے اکبر اویسی کی گرفتاری کے وارنٹ کی مذمت کی ہے ۔ انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سیمانچل میں مجلس کو آنے سے روکنے کے لئے یہ ورانٹ جاری کیا گیا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ لالو پرساد یادو اور دوسرے لیڈروں کے خلاف بھی ایف آئی آر درج کیا گیا لیکن وارنٹ جاری کیوں نہیں کیا گیا ۔ یہ دراصل مجلس کو سیمانچل میں انتخابات میں حصہ لینے سے روکنے کی ایک سازش ہے ۔

Arrest Warrant Issued Against Akbaruddin Owaisi | Kishanganj Rally Speech

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں