مہاراشٹرا آندھرا اور مغربی بنگال میں تین نئے ایمس کا قیام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-08

مہاراشٹرا آندھرا اور مغربی بنگال میں تین نئے ایمس کا قیام

نئی دہلی
یو این آئی، پی ٹی آئی
وزیر اعظم، نریندر مودی کی زیر قیادت مرکزی کابینہ نے آج مہاراشٹرا کے ناگپور، آندھر اپردیش میں منگلا گری اور مغربی بنگال کے کلیانی میں پردھان منتری سواستھا سرکشھا یوجنا کے تحت3نئے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس( اے آئی آئی ایم ایس) قائم کرنے کی منظوری دے دی ہے ۔ مرکزی وزیر برائے توانائی و کوئلہ پیوش گوئل نے یہ بات کہی ۔ انہوں نے بتایا کہ تین اے آئی آئی ایم ایس کے قیام کے لئے4949کروڑ روپے مختص کئے ہیں۔ مجوزہ انسٹی ٹیوٹس میں960 بستروں کی گنجائش والا ہاسپٹل بھی ہوگا ۔ انہوں نے بتایا کہ آندھرا پردیش کے منگلا گری میں نئے ایمس کے لئے 1618کروڑ ناگپور میں نئے ایمس کے لئے1577کروڑ اور مغربی بنگال کے کلیانی میں نئے ایمس کے لئے1754کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ3نئے ایمس کے قیام سے ان علاقوں میں قابل برداشت شرحوں پر اطمینان بخش علاج کیاجائے گا اور صحت سے متعلق امور میں عدم توازن ختم ہوجائے گا۔ مرکزی کابینہ نے تہواروں سے قبل ریلوے کے12لاکھ ملازمین کے لئے مالی سال2014-15کے لئے پروڈکٹیویٹی لنک بونس( پی ٹی بی ) کے طور پر78دن کی اجرت دینے کی تجویز کو منظوری دے دی ہے۔ حکومت کے اس فیصلہ سے ریلوے کے12.58لاکھ نان گزیٹڈ ریلوے ملازمین کو رواں ماہ6875روپے تک بونس کے طور پر ملیں گے ۔ اسی دوران حکومت نے مسلح دستوں کے دیرینہ مطالبہ کو منظور کرتے ہوئے انڈیا گیٹ کے قریب500کروڑ روپے لاگت سے نیشنل وار میموریل اور نیشنل وار میوزیم کی تعمیر کے پراجکٹس کو منظوری دے دی ہے ۔ یہ پراجکٹ ملک کی آزادی کے بعد جان کی قربانی دینے والے زائد از22,500سپاہیوں کی یاد میں تعمیر کیاجائے گا۔ اس پراجکٹ کو تقریبا پانچ سال مین مکمل کیاجائے گا۔ مرکزی کابینہ نے کسانوں کو آبپاشی کی سہولتوں کو وسعت دینے کے لئے ورلڈ بینک کے تعاون سے انجام دئیے جارہے واٹر شیڈ پراجکٹس کے زائد از2140کروڑ روپے کے منصوبہ مصارف کو منظوری دے دی ۔ مجوزہ پراجکٹ قومی سطح پر روبہ عمل لائے جائیں گے ۔ ساتھ میں آندھرا پردیش، چھتیس گڑھ، گجرات، جھار کھنڈ ، مدھیہ پردیش، مہاراشٹرا، اڈیشہ ، راجستھان اور تلنگانہ میں بھی اس پر عمل آوری ہوگی ۔ حکومت ان پراجکٹس میں50فیصد حصہ داری کے تحت1071.15کروڑ مختص کرے گی اور باقی کا حصہ ورلڈ بینک سے قرض کے طور پر ہوگا ۔ کابینہ نے ہند۔ اسرائیل کے درمیان دوہرے ٹیکس سے بچنے اور آمدنی پر ٹیکس کی ادائیگی نہ کرنے کی روک تھام کے کنونشن اور پروٹوکول میں ترمیم کو منظوری دے دی ہے ۔ اس پروٹوکول میں ٹیکس کے معاملات پر معلومات کے موثر تبادلہ پر بین الاقوامی طور پر قابل قبول معیارات کو بروئے کار لانے کا بندوبست ہے ۔

Three AIIMS for Maharashtra, West Bengal and Andhra Pradesh Approved

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں