مودی حکومت صرف امیروں کے لئے کام کر رہی ہے - راہول گاندھی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-08

مودی حکومت صرف امیروں کے لئے کام کر رہی ہے - راہول گاندھی

شیخ پورہ(بہار)
پی ٹی آئی
وزیر اعظم نریندر مودی پر یہ الزام عائد کرتے ہوئے کہ انہوں نے 2014کے لوک سبھا انتخابات سے قبل رائے دہندوں سے کئے گئے وعدوں کو پورا نہیں کیا، کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے آج کہا کہ این ڈی اے حکومت صرف امیروں کے لئے کام کررہی ہے ۔ جب کہ سماج کے غریب اور کمزور طبقات ہنوز مصائب کا سامنا کررہے ہیں ۔ راہول گاندھی نے بہار کے ضلع شیخ پورہ میں ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال قبل نریندر مودی جی نے انتخابات میں کامیابی حاصل کی اور آپ سب جانتے ہیں کہ انہوں نے کیا وعدے کئے تھے ۔ انہوں نے کئی وعدے کئے تھے جن میں کالا دھن واپس لانا اور ہر ہندوستانی شہری کے بنک کھاتے میں پندرہ لاکھ روپے جمع کرانا ،نوجوانوں کے لئے روزگار، کسانوں کی پیداوار کے لئے اقل ترین امدادی قیمت میں اضافہ شامل تھا۔ براہ کرم مجھے یہ بتائیں کہ کیا یہاں کوئی ایسا شخص ہے جس کے کھاتے میں پندرہ لاکھ روپے جمع ہوئے ہوں۔ انہوں (مودی) نے ایک بھی انتخابی وعدہ پورا نہیں کیا ہے۔ راہول گاندھی نے الزام عائد کیا کہ مودی ابھی تک اپنے کارپوریٹ دوستوں کا ساتھ دیتے آئے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پنجاب، مہاراشٹرا، تلنگانہ ، اور آندھرا پردیش جیسی ریاستوں میں کسان خود کشی کررہے ہیں۔ جب کہ وزیر اعظم مصیبت زدہ کسانوں کو معاوضہ کی ادائیگی کے مسئلہ پر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ وزیر اعظم کے اکثر و بیشتر بیرونی دوروں پر طعنہ کستے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ مودی ہمیشہ بیرونی دوروں پر رہتے ہیں۔ انہوں نے کبھی انہیں کسی کسان یا بے روزگار نوجوان کے ساتھ کھڑا ہوا نہیں دیکھا۔ اس اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہ جنتادل یو ، آر جے ڈی اور کانگریس پر مشتمل عظیم اتحاد چیف منسٹر نتیش کمار کی زیر قیادت آنے والے بہار اسمبلی انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گا ، راہول گاندھی نے کہا کہ ہم آپ کے ساتھ ہوں گے ۔ آپ کے ساتھ نظر آئیں گے اور آپ کے ساتھ مل کر لڑیں گے ۔ گاندھی خاندان کے جانشین نے یہ بھی سوال اٹھا کہ مودی نے بہار کے لئے ایک ایسے وقت 1.25لاکھ کروڑ روپے کے پیکیج کا اعلان کیوں کیا جب ریاست میں اسمبلی انتخابات سر پر تھے۔

Modi government working only for 'rich': Congress Vice President Rahul Gandhi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں