یوم انضمام - آندھرا سے تلنگانہ عوام کی نجات کا جشن - نرسمہا ریڈی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-18

یوم انضمام - آندھرا سے تلنگانہ عوام کی نجات کا جشن - نرسمہا ریڈی

حیدرآباد
منصف نیوز بیورو، پی ٹی آئی
یوم انضمام حیدرآباد تقاریب کا جوش و خروش کے ساتھ انعقاد عمل میں لایا گیا ۔ وزیر داخلہ تلنگانہ این نرسمہا ریڈی نے تلنگانہ بھون پر قومی پرچم لہرایا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تلنگانہ عوام نے آندھرائی حکمرانوں کے خلاف جدوجہد کرتے ہوئے سنہرے خوابوں کی ریاست تلنگانہ حاصل کیا ۔ اب چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں سنہرے تلنگانہ کے حصول کے سفر کی جانب رواں دواں ہے۔ حکومت کو حقیقی معنوں میں فلاحی حکومت قرار دیتے ہوئے نرسمہا ریڈی نے کہا کہ خاص کر کسانوں کی قرض، خوشحالی اور زراعت کو نفع بخش پیشہ بنانے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔ انہوں نے کسانوں کی خود کشیوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ زرعی پیداوار کے لئے اقل ترین قیمت نہ ملنے ، نیز زراعت کے لئے ضروری سہولتوں، آبپاشی پراجکٹس کی کمی کے علاوہ دیگر وجوہات کی وجہ سے کسان خود کشی کی جانب مائل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ، کسانوں میں اعتماد بحال کرنے ، زراعت کو نفع بخش پیشہ بنانے، دیہاتوں میں زرعی اجناس کے ذخیرہ کے لئے گوداموں کی تعمیر اور آبپاشی پراجکٹس کی عاجلانہ تکمیل پر توجہ دے رہی ہے ۔ کسانوں کو رعیتو بندھو اسکیم کے تحت فائدہ پہنچانے ، ریاست کو خشک سالی سے پاک بنانے مشن کا کتیہ ، واٹر گرڈ جیسے پروگرامس شروع کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کسانوں سے حالات سے نامید نہ ہونے اور خود کشی نہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت سارے تلنگانہ سماج کی ترقی، فلاح و بہبود اور خوشحالی کے لئے کام کررہی ہے ۔ انہوں نے عوام سے خواہش کی کہ وہ حکومت کا ساتھ دیتے ہوئے تلنگانہ کو سنہرے تلنگانہ میں بدلنے میں تعاون کریں۔ اس موقع پر رکن اسمبلی سرینواس گوڑ و دیگر موجود تھے۔ پی ٹی آئی کے بموجب کئی سیاسی جماعتوں نے آج تلنگانہ لبریشن ڈے کا اہتمام کرتے ہوئے اپنی پارٹی کے دفاتر پر ترنگا لہرایا ۔ حیدرآباد اسٹیٹ کے انڈین یونین میں انضمام پر تلنگانہ لبریشن ڈے ہر سال17ستمبر کو منایاجاتا ہے ۔ بی جے پی تلنگانہ یونٹ کے صدر کشن ریڈی نے ترنگا لہرانے کے بعد حکمراں ٹی آر ایس جماعت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور ایک مخصوص طبقہ کی خوشنودی کے لئے سرکاری طور پر تلنگانہ لبریشن ڈے کے اہتمام سے گریز کرنے کا الزام عائد کیا۔ ریڈی نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کے سی آر بالخصوص ٹی آر ایس ، مقامی مسلم سیاسی جماعت کے دباؤ میں ہے ۔ مرکزی مملکتی وزیر کیمیکلس اور فرٹیلائزرس ہنسر اج گنگا رام اہیرے نے اپنی تقریر میں آج کے دن کو تلنگانہ عوام کی آزادی کے یوم سے تعبیر کیا ۔ اس موقع پر مرکز مملکتی وزیر لیبر بنڈارو دتاتریہ بھی موجود تھے ۔ سیاسی جماعتوں بالخصوص بی جے پی نے حکومت سے ہر سال17ستمبر کو تلنگانہ لبریشن ڈے کے طور پر منانے کا مطالبہ کیا ۔ ہندوستان کو انگریزوں سے آزادی ملنے کے تیرہ ماہ بعد حیدرآباد اسٹیٹ کا انڈین یونین میں انضمام عمل میں آیا تھا ۔ اس طرح یہاں کے عوام کو نظام حکمراں سے آزادی ملی تھی ۔ صدر پردیش کانگریس تلنگانہ اتم کمار ریڈی نے گاندھی بھون پر ترنگا لہرایا ۔ اس موقع پر پارٹی کے سینئر قائدین بھی موجود تھے۔ سینئر تلگو دیشم قائد ای دیاکر راؤ نے تلنگانہ لبریشن ڈے کا اہتمام نہ کرنے پر ٹی آر ایس حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ تلنگاہن ٹی ڈی پی کے سربراہ ایل رمنا نے پارٹی ہیڈ کوارٹرپر ترنگا لہرایا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں