آئی اے این ایس، منصف نیوز بیورو
تلنگانہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ آج پیر کے روز چین کے دس روزہ دورہ پر روانہ ہوگئے۔ اس دورہ میں وہ وہاں ورلڈ اکنامک فورم سے خطاب کریں گے اور سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کی کوشش کریں گے ۔ چیف منسٹر کے ساتھ چند کابینی وزرائ، ریاستی قانون ساز کونسل کے پریسائیڈنگ آفیسرس ، ان کے سیاسی مددگار اور سینئر حکام بھی موجود ہیں۔ چیف منسٹر آج راجیو گاندھی انٹر نیشنل ایر پورٹ سے ایک پرائیویٹ ایکزیکٹیو جیٹ سے روانہ ہوئے ۔ حکومت نے ان کے اس دورہ کے لئے ایک پچاس نشستوں والا سی آر جے۔100ایر کرافٹ کرایہ پر لیا ہے جس پر دو کروڑ روپیہ خرچ ہوگا ۔ یہ ایکزیکٹیو جیٹ اپنی پر تعیش سہولتوں کے لئے مشہور ہے جس میں ایل سی ڈی اسکرینس اورکسٹمائزڈ نشستوں کے ساتھ ایک انٹرٹینمنٹ سنٹر بھی موجود ہے ۔ وفد میں وزیر صنعت جوپلی کرشنا راؤ، وزیر توانائی جگدیش ریڈی، اسمبلی اسپیکر مدھو سدھن چاری، کونسل چیر مین سوامی گوڑ، راجیہ سبھا رکن کے کیشو راؤ، ارکان اسمبلی کے ایشور اور جی بالا راجو دہلی میں ریاستی نمائندہ وینو گوپال چاری، چیف منسٹر کے سیاسی سکریٹری ایس سبھاش ریڈی اور سی ایم او کے سینئر افسران اور صنعتکار شامل ہیں۔ واضح رہے کہ سوئٹزرلینڈ سے چلنے والے ورلڈ اکنامک فورم نے چیف منسٹر کو اپنی میٹنگ، نئے چمپئن کے لئے مدعو کیا ہے جس کاانعقاد9سے11ستمبر کو ڈالیان، چین میں ہوگا۔ چیف منسٹر ابھرتے مارکیٹس، دوراہے پر عنوان پر خطاب کریں گے ۔ چیف منسٹر کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ اس دورہ کا مقصد نو تشکیل شدہ ریاست میں50ہزار کروڑ کی سرمایہ کاری کروانا ہے ۔ کے سی آر عالمی فورم اور چینی سرمایہ کاروں کے سامنے ریاست کی نئی صنعتی پالیسی کی تفصیلات پیش کریں گے ۔ چیف منسٹر کا دعویٰ ہے کہ پچھلے جون میں ان کی جانب سے اختیار کی جانے والی نئی صنعتی پالیسی پوری دنیا میں سب سے زیادہ منفردپالیسی ہے جیسا کہ اس کے تحت تمام بزنس پروپوزل کو صرف14دن میں منظوری مل جاتی ہے۔ چیف منسٹر11ستمبر کی صبح بیجنگ پہنچیں گے اور چین میں موجود ہندوستانی سفیر کی جانب سے دئے گئے ڈنر میں شرکت کریں گے ۔ دوسرے دن وہ چائنا ریلوے کارپوریشن اور دیگر چند ٹاپ کمپنیوں کے نمائندوں سے ملاقات کریں گے ۔ ستمبر13کو کے سی آر دیوار چین کا دورہ کریں گے اور اسی دن شینز ہن پہنچیں گے جہاں وہ شہزن ہائی ٹیک پارک پر صنعتکاروں سے ملیں گے ۔15ستمبر کو چیف منسٹر ہانگ کانگ جائیں گے اور وہاں صنعتکاروں سے ملاقات کریں گے اور ان کے ساتھ لنچ کریں گے ۔ ساتھ ہی وہ انٹر نیشنل کامرس سنٹر اور اسکائی100 آبزرویشن ڈیک کو جائیں گے جو ایک ٹاپ سیاحتی مرکز ہے ۔ یہ وفد16ستمبر کو اسپیشل ایر کرافٹ کے ذریعہ حیدرآبادلوٹے گا۔ پچھلے سال وزارت عالیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سے کے سی آر کا یہ تیسر ابیرون ملک دورہ ہے ۔ اس سے قبل انہوں نے سنگا پور اور ملیشیا کا دورہ کیا تھا ۔ منصف کے نمائندہ کے بموجب چیف منسٹر نے ایر پورٹ جانے سے قبل اپنے کابینی ساتھیوں ،ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی اور کڈیم سری ہری، وزراء نرسمہا ریڈی ، پوچارم سرینواس، ٹی ہریش راؤ، ایٹالا راجندر، لکشما ریڈی، تملو ناگیشور راؤ، تلا سانی یادو، ڈپٹی اسپیکر آف اسمبلی پدما دیویندر گوڑ، چیف سکریٹری ڈاکٹر راجیو شرما اور ڈی جی پی انوراگ شرما وغیرہ سے ملاقات کی ۔ چیف منسٹر کے دفتر سے ملی اطلاع کے مطابق چیف منسٹر نے اعلیٰ حکام کو کسانوں کو بجلی کی فراہمی اور9ستمبر کو شاعر کا لوجی نارائن راؤ کی یوم پیدائش کو پوری ریاست میں بطور بھاشا دنو وستم منانے کی ہدایت دی ۔ اس بات کو نظر میں رکھتے ہوئے کہ اس سال بجلی پیدا کرنے کے لئے ناگرجنا ساگر اور سری سلیم ہائیڈروالکٹرک پراجکٹ میں درکار پانی نہیں ہے، چیف منسٹر نے ٹی ایس جینکو کے مینجنگ ڈائرکٹر ورچیر مین پربھا کر راؤ کو ہدایت دی کہ وہ خانگی کمپنیوں اور دیگر ذرائع سے بجلی خریدنے کا نظم کریں اور دیکھیں کہ آیا گھریلو اور صنعتی صارفین کو24گھنٹے بجلی فراہم ہورہی ہے جیسا کہ کسانوں کو موجودہ ربیع موسم میں بجلی درکار ہے ۔
Telangana CM leaves with delegation on 10-day visit to China
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں