تلنگانہ میں سرکاری تقررات کا ایک اور اعلامیہ جاری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-16

تلنگانہ میں سرکاری تقررات کا ایک اور اعلامیہ جاری

حیدرآباد
اعتماد نیوز
تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن نے آج ایک اور اعلامیہ جاری کرتے ہوئے اگریکلچر آفیسر ، اگریکلچرل ایکسٹنشن آفیسر، ہارٹیکلچرآفیسرس کی جائیدادوں پر تقررات کے لئے اہل امید وارں سے درخواستیں طلب کی ہیں۔ کمیشن نے اسسٹنٹ انجینئرس کی قبل ازیں اعلان کردہ563جائیدادوں میں مزید495جائیدادوں کا اعلان کیا ہے جس کے لئے25ستمبر کو امتحان ہوگا ۔ آج جو اعلامیہ جاری کیا گیا ہے اس کے مطابق اگریکلچرل آفیسر کی120جائیدادیں پر کی جائیں گی ۔ اس کے لئے تعلیمی قابلیت بی ایس سی اگریکلچر قرار پائی ہے ۔ اگریکلچر ایکسٹنشن آفیسر کی311جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں گے ۔ اس کے لئے بھی اگریکلچر میں کوئی گریجویٹ ڈگری وڈپلوما کے حامل امید وار اہل قرار دئیے گئے ہیں۔ ہارٹیکلچر آفیسر کی75جائیدادوں کے لئے ہارٹیکلچر کے شربہ میں ڈگری یا ایم ایس سی اگریکلچر کے حامل امید وار اہل قرار دئے گئے ہیں۔ کمیشن کے رکن ڈاکٹر متین قادری نے بتایا کہ اسسٹنٹ انجینئرس کی جائیدادوں کو پر کرنے کے لئے حال ہی میں جو اعلامیہ جاری کیا گیا تھا اس میں563جائیدادیں ظاہر کی گئی تھیں۔ کمیشن نے ان جائیدادوں میں مزید495کا اضافہ کیا ہے ۔ محکمہ آبپاشی کے تحت226سیول، 26میکانیکل انجینئرس کے تقررات کئے جائیں گے ۔ پنچایت راج ڈپارٹمنٹ کے تحت343سیول انجینئرس کی جائیدادیں پر کی جائیں گی۔ اس طرح1058اسسٹنٹ انجینئرس کی جائیدادوں پر تقررات کیے جائیں گے ۔ اسسٹنٹ اگزیکٹیو انجینئرس کے لئے گزشتہ ماہ جو اعلامیہ جاری کیا گیا تھا اس کے لئے20ستمبر کو امتحانات منعقد ہوں گے ۔ یہ امتحانات چار اضلاع کے99مراکز پر منعقد ہوں گے ۔ حیدرآباد میں 75امتحانی مراکز بنائے گئے ہیں اور جن میں دکن کالج آف انجینئرنگ و ٹکنالوجی اور دارالسلام اور مفخم جاہ کالج آف انجینئرنگ بنجارہ ہلز بھی شامل ہیں ۔ حیدرآباد کے مراکز پر25305امیدوار امتحان دیں گے ۔ ورنگل میں چودہ مراکز ہوں گے جہاں2860امیدوار امتحان دیں گے ۔ کھمم میں چھ اور کریم نگر میں چار مراکز قائم کئے گئے ہیں ۔ اسسٹنٹ اگزیکٹیو انجینئرس کی961جائیدادوں کے لئے30783امید وار تحریری امتحان کے لئے اہل قرار دئیے گئے ہیں ۔ ڈاکٹر متین قادری نے بتایا کہ یہ امتحانات انتہائی شفاف ہوں گے اور پرچوں کی جانچ میں انسانی رول بہت کم رہے گا ۔ امتحانی مراکز پر بائیو میٹرک طریقہ سے داخلہ دیاجائے گا۔ امیدواروں سے کہا گیا کہ وہ اپنے ساتھ ہال ٹکت کے علاوہ کوئی ایک شناختی کارڈ جیسے آدھار کارڈ، ووٹر آئی ڈی کارڈ، ڈرائیونگ لائسنس ، راشن کارڈ، پاسپورٹ یا دوسری شناختی دستاویزات ساتھ رکھیں۔ امید وار اپنے ساتھ قلم، کاغذ بھی ساتھ نہ رکھیں ۔ کمیشن کی جانب سے قلم، کاغذ حتی کہ ذیلی مقصد کے لئے رف پیپرس بھی دئیے جائیں گے ۔ امیدواروں سے کہا گیا کہ وہ کوئی الیکٹرانک آئٹم جیسے کیالکیولیٹر وغیرہ اور گھڑی بھی نہ رکھیں ۔ امتحان کا پہلا سیشن10:30بجے سے ہوگا لیکن کمیشن نے تمام امید واروں سے کہا کہ وہ اپنے متعلقہ امتحانی مراکز پر دیڑھ گھنٹہ قبل رپورٹ کریں ۔ یہ صلاح دی گئی ہے کہ امید وار8:30بجے سے 9بجے کے درمیان رپورٹ کریں ۔ امتحان کا دوسرا سیشن اسی دن2:30بجے سے پانچ بجے شام کے دوران رہے گا۔ کمیشن کے رکن نے بتایا کہ پرچوں کی جانچ الکٹرانک طریقہ سے کی جائے گی ۔ اس میں کوئی انسانی دخل نہیں ہوگا۔ انٹر ویو کے لئے ایک جائیداد کے لئے دوامید وارطلب کئے جائیں گے ۔ انٹر ویوز کی تاریخ کا بعد میں اعلان کیاجائے گا۔ کمیشن نے حیدرآباد میٹرو واٹر سپلائی و سیوریج بورڈ میں ڈپٹی جنرل منیجر فینانس کے دو عہدوں پر تقررات کا اعلان کیا ہے ۔ اس کے لئے تعلیمی قابلیت چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ یا آئی سی ڈبلیو میں کامیابی مقرر کی گئی ہے ۔ اہل امید وار اس کے لئے درخواست دے سکتے ہیں ۔ اس عہدہ کے لیے گروپ۔Iآفیسرس کے مساوی تنخواہیں اور مراعات حاصل ہوں گی۔

TSPSC New Recruitment

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں