ہمت ہے تو مجھے جیل بھیج دو - راہول گاندھی کو سمرتی ایرانی کا چیلنج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-21

ہمت ہے تو مجھے جیل بھیج دو - راہول گاندھی کو سمرتی ایرانی کا چیلنج

امیٹھی
یو این آئی
مرکزی وزیر فروغ انسانی وسائل سمرتی ایرانی کی جانب سے گاندھی خاندان کو ہدف تنقید بنائے جانے کے خلاف کانگریس مہیلا مورچہ کے سخت احتجاج کے دوران سمرتی ایرانی نے کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی کو انہیں جیل میں ڈال دینے کا چیلنج دیا۔ انہوں نے صاف طور پر کہا کہ بلا شبہ میں نے گاندھی خاندان کی بد عنوانیوں کو منظر عام پر لاتے ہوئے انہیں ہد ف تنقید بنایا ہے، تاہم گاندھی کا پارلیمانی حلقہ امیٹھی کانگریس اور بی جے پی کے درمیان جنگ کا میدان بنا ہوا ہے ۔ کانگریس خواتین نے گوری گنج میں سات مقامات پر سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کیں ، جس کے بعد مرکزی وزیر نے متبادل روٹ سے مقام تقریب تک پہنچنے کی کوشش کی تھی ۔ امیٹھی اور گوری گنج علاقہ میں دو تقاریب کے دوران انہوں نے دس ہزار خاندانوں میں پچاس ہزار ثمر آور پودے تقسیم کرنے کے بعد کہا۔ انہوں نے کہا کہ ایس ڈی ایم نے سمرات سائیکل فیکٹری کو یوپی آئی دی ایس کے حوالے کردینے کا حکم دیا ہے ، لہذا میں بھی راہول گاندھی سے یہی گزارش کرتی ہوں کہ وہ اسے لوٹا دیں ۔ میں اتر پردیش چیف منسٹر سے اسی قطعی اراضی پر فیکٹری کی تعمیر کی درخواست کرتی ہوں یا پھر زمین کسانوں کوا پس لوٹادی جائے۔ میں اس بات سے بخوبی واقف ہوں کہ جلد ہی میرے نام ایک قانونی نوٹس جاری ہونے والا ہے۔ میں راہول گاندھی کو چیلنج کرتی ہوں کہ اگر ان میں دم خم ہے تو مجھے جیل بھیج دیں ۔ میں جیل سے بھی کسانوں کے حق میں آواز بلند کرتی رہوں گی ۔ ایرانی نے کہا کہ گزشتہ شب دس بجے کے قریب کسی نے میرے دروازے پر دستک دی ۔ دروازہ کھولنے پر میرے13سالہ فرزند کو کسی نے ایک لفافہ تھما دیا ۔ دراصل یہ ایک قانونی نوٹس تھی ۔ میرے فرزند نے مجھ سے پوچھ اکہ امی آخر کس جرم کی پاداش میں آپ کے نام یہ قانونی نوٹس جاری ہوئی ہے ؟ میں نے اپنے فرزند کو تسلی دیتے ہوئے کہا کہ بیٹے میرا جرم صرف اتنا ہے کہ میں نے کسانوں کے حق میں آواز بلند کی ہے۔ میں کانگریس قائدین پر یہ واضح کردینا چاہتی ہوں کہ میں ایسی قانونی نوٹس سے نہ گھبراتی ہوں اور نہ مجھے کوئی اس طرح پریشان کرسکتا ہے ۔ ہندوستانی خواتین اتنی بھی کمزور نہیں ہوتیں ۔ میں اس بات سے بخوبی آگاہ ہوں کہ میرا قصور صرف اتنا ہے کہ مین امیٹھی کے کاشتکاروں کے ساتھ ہوں ۔ میں اپنے موقف کا اعادہ کرتی ہوں کہ میں آخری سانس تک یہ کام جاری رکھوں گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوٹس مجھے یو پی کانگریس کمیٹی نے ایک ایڈوکیٹ کے ذریعہ روانہ کی تھی۔

Union Minister Smriti Irani Dares Rahul Gandhi to Send Her to Jail

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں