دبئی کے حکمراں شیخ محمد بن راشد المکتوم کے بڑے فرزند کا انتقال - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-20

دبئی کے حکمراں شیخ محمد بن راشد المکتوم کے بڑے فرزند کا انتقال

دبئی
وام
متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور حاکم دبئی شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کے بڑے صاحبزادے الشیخ راشد بن محمد بن راشد آل مکتوم ہفتے کی صبح انتقال کرگئے ۔ مرحوم کی عمر34برس تھی۔ سرکاری خبر رساں ، ایجنسی وام کے مطابق راشد بن محمد کا انتقال دل کا دورہ پڑنے سے ہوا ۔ حاکم دبئی کے دیوان نے ایک تعزیتی اعلان میں جواں سال راشد بن محمد کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مرحوم کی نماز جنازہ زعبیل کی مسجد میں ہفتے کی شام کو ادا کی جائے گی۔ ان کی تدفین بردبئی کے ام ہر یر قبرستان میں کی جائے گی۔ الشیخ راشد بن محمد کے انتقال پر دبئی میں سہ روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے ۔ سوگ کے ایام میں متحدہ عرب امارات کے پرچم سر نگوں رہیں گے ۔ الشیخ راشد مایہ ناز گھڑ سوار تھے اور انہیں نادر نسل کے گھوڑے پالنے کا بہت زیادہ شوق تھا ۔ وہ زعبیل میں ایک بڑے اصطبل کے مالک تھے جہاں انہوں نے نادرنسل کے کئی گھوڑے پال رکھے تھے۔ پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف نے متحدہ عرب امارات کی حکومت اور عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی بلند درجات اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ ابو طہبی کے ولی عہد شہزادہ اور متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر محمد بن زید آل نیہان نے بھی شیخ محمد اور آل مکتوم فیملی سے اپنے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ فجیرہ کے حکمراں شیخ حامد بن محمد الشرقی نے بھی شیخ محمد زائد کی موت پر تعزیتی بیان دیتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں جنت نصیب کرے اور غمزدہ لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔ شارجہ حکمراں شیخ سلطان بن محمد القسیمی نے بھی شیخ راشد کی وفات پر تعزیتی کلمات کہے ۔ عجمان حکمراں شیخ حامد بن راشد النعیمی نے بھی مرحوم کے حق میں دعائیہ کلمات کہے۔ دریں اثناء مصری صدارت نے بھی شیخ راشد کی وفات پر گہرے رنج کا اظہار کیا۔

Sheikh Rashid, son of the ruler of Dubai, dies of heart attack

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں