پی ٹی آئی
سپریم کورٹ نے آج جین فرقہ کے تہوار کے دوران ممبئی میں17ستمبر کو میٹ کی فروخت پر پابندی کے مہاراشٹرا حکومت کے حکم پر بمبئی ہائی کورٹ کی جانب سے روک لگادینے کے معاملے میں دخل اندازی کرنے سے انکار کردیا ہے ۔ جسٹس ٹی ایس ٹھاکر اور کورین جوزف کی بنچ نے آج اس سلسلے میں اپنے فیصلے میں کہا کہ بمبئی ہائی کورٹ نے گوشت کی فروخت پر پابندی لگانے کے سلسلے میں تفصیلی دلائل دیئے ہیں ۔ اس لئے اس کے حکم میں دخل دینا مناسب نہیں ہوگا ۔ عدالت نے کہا کہ جب معاملہ کی حتمی سماعت ہائی کورٹ میں ہی ہونی ہے تو پھر سپریم کورٹ کے اس میں مداخلت کرنے کا کوئی جواز نہیں ہے ۔ عدالت نے جین تنظیموں کی طرف سے دائر درخواست کو خارج کرتے ہوئے کہا کہ جانوروں اور حیوانات کے لئے رحم کا جذبہ صرف چند دنوں نہیں پورے سال ہونا چاہئے ۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ اس طرح کی پابندی کا فیصلہ کرتے وقت اس سے متاثر ہونے والوں کا پورا دھیان رکھاجانا چاہئے اور اس میں تحمل اور سب کو ساتھ لے کر چلنے کا جذبہ ہونا چاہئے ۔ عدالت نے کہا کہ لوگوں کے کھانے پینے کی عادتوں پر حکومت کی طرف سے اچانک پابندی لگادینا درست نہیں ہے ۔ بمبئی ہائی کورٹ نے14ستمبر کو گوشت کی فروخت پر پابندی کو کالعدم قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ بمبئی جیسے میٹرو پولیٹن شہر میں گوشت پر پابندی نہیں لگائی جاسکتی۔
--
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں