مجلس بہار میں عظیم اتحاد میں شامل نہیں ہوگی - اسد الدین اویسی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-16

مجلس بہار میں عظیم اتحاد میں شامل نہیں ہوگی - اسد الدین اویسی

پٹنہ
یو این آئی
صدر مجلس اتحاد المسلمین بیرسٹر اسد الدین اویسی نے بہار میں سیکولر اتحاد میں شامل ہونے سے انکار کردیا ہے ۔ جنتادل یو کی زیر قیادت مہا گٹھ بندھن مجلس اتحاد المسلمین کو شامل کرنے کے لئے کوشاں تھا۔ جنتادل یو کے سینئر لیڈر رگھوونش پرساد سنگھ نے انتخابی میدان میں مجلس اتحاد المسلمین کے آنے سے مسلم ووٹوں کی تقسیم کے اندیشے کا اظہار کرتے ہوئے بیرسٹر اسد الدین اویسی کو ایک پیام روانہ کیا تھا کہ وہ عظیم سیکولر اتحاد میں شامل ہوجائیں تاکہ مجوزہ انتخابات میں فرقہ پرست بی جے پی کی زیر قیادت این ڈی اے کو شکست دی جاسکے ۔ بیرسٹر اویسی نے جو اپنی پارٹی کی انتخابی حکمت عملی کو قطعی شکل دینے کے لئے پٹنہ کے دورے پر ہیں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پارٹی کو کسی سیاسی اتحاد میں شامل ہونے سے زیادہ مسلمانوں کے مفادات کے تحفظ کی فکر ہے ۔ بیرسٹر اویسی نے کہا کہ نام نہاد سیکولر جماعتیں مسلمانوں کا خیال رکھنے میں بری طرح ناکام ہوگئی ہیں جن کی ریاست کے مسلم آبادی والے سیمانچل علاقہ میں بری حالت ہے ۔ بیرسٹر اویسی نے ان الزامات کو مسترد کردیا کہ انتخابی میدان میں ان کی پارٹی کی موجودگی سے بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے کو فائدہ پہونچے گا ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اس بات کی فکر ہے کہ ریاست کے سیمانچل علاقہ میں مسلمانوں کی حالت کو بہتر بنایاجائے ۔ مجلس اتحاد المسلمین نے بہار کے سیمانچل علاقہ میں جو مسلم اکثریتی اضلاع ارریہ، کشن گنج، پورنیا اور کٹیہار پر مشتمل ہے، انتخابات لڑنے کا اعلان کیا ہے ۔ مجلسی لیڈر نے ادعا کیا کہ انہوں نے2004ء میں لو ک سبھا انتخابات میں آڑ جے ڈی کے لئے مہم چلائی تھی لیکن اب آڑ جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو بہار کے اسمبلی انتخابات میں مجلس کے مقابلے سے ڈرے ہوئے ہیں ۔ بیٹی کی شادی میں وزیر اعظم نریندر مودی کو مدعو کرنے کے آر جے ڈی سربراہ کے اقدام پر طنز کرتے ہوئے بیرسٹر اویسی نے کہا کہ اگر لالو پرساد یادو کو مودی سے الرجی ہے تو انہیں چاہئے تھا کہ وہ انہیں مدعو نہ کرتے ۔ انہوں نے لالو پرساد اور بہار کے چیف منسٹر نتیش کمار کے سیکولر کردار پر سوال اٹھایا اور کہا کہ انہوں نے گجرات سانحہ پر صرف مگر مچھ کے آنسو بہائے تھے ۔

No alliance with any party in Bihar, Asaduddin Owaisi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں