کمبوڈیا اور لاؤس ہندوستان کے پرانے دوست - حامد انصاری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-16

کمبوڈیا اور لاؤس ہندوستان کے پرانے دوست - حامد انصاری

پنہام پنہ
پی ٹی آئی
نائب صدر جمہوریہ ہند حامد انصاری2ممالک کے چار روزہ دورہ کے پہلے حصہ کے طور پر آج کمبوڈیا پہنچے جب کہ وہ لاؤس بھی جائیں گے ۔ ان کے اس دورہ کا مقصد ہندوستان کی مشرق کی طرف دیکھو۔ پالیسی کے تحت آسیان ممالک کے ساتھ تعلقات اور اقتصادی تال میل کو آگے بڑھانا ہے ۔ انصاری کا پنہام پنہ انٹر نیشنل ایر پورٹ پر وزیر اطلاعات کھیوکنہاریتھا اور ہندوستان سفیر نوین سریواستونے خیر مقدم کیا۔ حامد انصاری ، وزیر اعظم ہن سن کی دعوت پر کمبوڈیا پہنچے ہیں ۔ ہواس دوران خاص طور پر باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع پر خصوصی توجہ دیں گے ۔ بین الاقوامی بازار خاص طور پر شمال مشرقی ممالک میں چین کے بڑھتے ہوئے اثرات سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر انصاری نے کہا کہ اس خطہ میں چین کی سرمایہ کاری کی نوعیت الگ ہے جب کہ ہندوستان کا رشتہ اور سرمایہ کاری دونوں ٹھوس بنیاد رکھتے ہیں ۔ قبل ازیں انصاری نے کمبوڈیا اور لاؤس کے دورہ کا آغاز کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ کمبوڈیا اور لاؤس کے ساتھ ہندوستان کے بہت پرانے رشتے ہیں ، جس میں گزرتے وقت کے ساتھ ساتھ مزید گرم جوشی آرہیی ہے ، مشکل گھڑی میں ہندوستان نے ان دونوں ممالک کی کافی مدد کی ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ کمبوڈیا اور لاؤس ہندوستان کو اپنا انتہائی قریبی دوست مانتے ہیں ، ہندوستان کی یہ پالیسی ہے کہ اپنے قریبی پڑوسیوں کے ساتھ خوشگوار رشتے رکھے اور انہیں فروغ دینے کی ہر ممکن کوشش کرے ، ہندوستان اپنی اسی پالیسی کے تحت ہمیشہ ہی کمبوڈیا اور لاؤس کی مدد کرتا رہا ہے، چاہے وہ اقوام متحدہ میں ہو یا پھر ان ممالک کی خانہ جنگی کی مشکل گھڑی میں، ہندوستان نے اچھے دوست کا رول ادا کیا ہے ۔ ڈاکٹر انصاری نے کہا کہ ان کے کمبوڈیا اور لاؤس کے دورے سے دونوں ممالک کے رشتے مزید مستحکم ہوں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان کے شمال مشرقی ریاستوں سے قریب ہونے کی وجہ سے ان ممالک سے خوشگوار اور قریبی تعلقات کا ان ریاستوں کو بھی فائدہ پہنچے گا ۔ نائب صدر نے بتایا کہ ان کے اس دورہ میں ہندوستان ، کمبوڈیا اور لاؤس کے درمیان کئی معاہدے پر دستخط ہوں گے جن میں مختصر مدتی تربیتی پروگرام، معدنیات، سڑکوں کی تعمیر اور ثقافتی فروغ وغیرہ کے معاہدے شامل ہیں ، ان دوروں کے درمیان ان دونوں ممالک کے ہندوستان کی مختلف یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم طلباء کی اسکالر شپ میں اضافہ کا بھی اعلان کیا جائے گا، اس دورے سے دونوں ممالک کے عوام کو ہندوستانی عوام کے قریب لانے میں مدد ملے گی جس سے دونوں ممالک کے رشتے مضبوط ہوں گے ۔

Vice president embarks on visit to Cambodia, Laos

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں