گجرات کے سیاسی منظر نامہ پر نئے قائدین - بی جے پی اور کانگریس پریشان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-22

گجرات کے سیاسی منظر نامہ پر نئے قائدین - بی جے پی اور کانگریس پریشان

احمد آباد
پی ٹی آئی
پٹیلوں کے کوٹہ احتجاج کے باعث گجرات کے سیاسی منظر نامہ پر نئے قائدین ابھرے ہیں جس سے بر سر اقتدار بی جے پی اور اصل اپوزیشن کانگریس کی جمی ہوئی قیادت کو خطرہ لاحق ہے ۔ گزشتہ تین ماہ میں پٹیل کوٹہ احتجاج نے22سالہ ہاردک پٹیل ( جو اپنی برادری کے لئے اوبی سی کوٹہ کے لئے احتجاج کی کمان سنبھالے ہوئے ہیں) او بی سی یوتھ لیڈر الپیش ٹھاکر اور سردار پٹیل گروپ قائد لالجی پٹیل سامنے لایا ہے ۔ لالجی پٹیل نے اصل میں ایک سال قبل پٹیل کوٹہ تحریک شروع کی تھی ۔ ریاست کی سب سے بڑی برادریوں میں ایک پٹیل جو بی جے پی کے کٹر حامی رہے ہیں ، اب ہاردک اور لالجی کے کہنے پر پارٹی اور حکومت کی تقاریب درہم برہم کررہے ہیں ۔ ہاردک نے خبر دار کیا ہے کہ بی جے پی کے لئے عنقریب منعقد شدنی مجالس مقامی الیکشن جیتنا مشکل ہوگا ۔ وہ اپنی برادری کے لوگوں سے کہہ چکے ہیں کہ وہ نوٹا کا بٹن دبائیں ۔ او بی سی ایکتا منچ کے38سالہ کنوینر الپیش ٹھاکر ریاست کے مختلف حصوں میں جلسہ عام کے ذریعہ دیگر پسماندہ طبقات کو پٹیلوں کے خلاف متحد کررہے ہیں ۔ ٹھاکر نے خبردار کیا ہے کہ پٹیلوں کا مطالبہ مان لیا گیا تو وہ بی جے پی حکومت کو2017کے الیکشن سے قبل ہی بے دخل کردیں گے ۔ انہوں نے پی ٹی آئی سے کہا کہ پٹیل صرف1۔5کروڑ ہیں جب کہ ریاست میں او بی سی آبادی3۔5کروڑ کی ہے ۔ اگر پٹیلوں کو ہمارا حصہ کاٹ کر ریزرویشن دیا گیا تو ہم اس حکومت کو اس کی میعاد مکمل کرنے نہیں دیں گے ۔ ایک اور پٹیل قائد لالجی پٹیل نے حال ہی میں پھر سے ہاردک پٹیل سے ہاتھ ملا لیا ہے ۔ انہوں نے امریکہ میں اپنی برادری سے کہا ہے کہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف مظاہرے کریں جو عنقریب وہاں کا دورہ کرنیو الے ہیں ۔ انہوں نے معاشی عدم تعاون کا بھی مطالبہ کیا جس کے بعد پٹیلوں نے بنکوں سے اپنی رقومات نکالنی شروع کردیں ۔ ریاست کی دو اصل سیاسی جماعتوں کانگریس اور بی جے پی کی سمجھ سے باہر ہے کہ گجرات کے سیاسی منظر نامہ پر نوجوان قائدین کے اچانک ابھرنے سے کیسے نمٹا جائے ۔

New leaders and new threats to ruling BJP in Gujarat

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں