آئی اے این ایس
حکومت مغربی بنگال کی جانب سے نیتا جی سبھاش چندر بوس پر64فائلوں کی اجرائی کو تاریخی قرار دیتے ہوئے ان کے خاندان نے جمعہ کے دن زور دیا کہ مرکزی حکومت بھی اس کے پاس موجود فائلیں صیغہ راز سے نکالے ۔ حکومت مغربی بنگال جمعہ کے دن64فائلیں منظر عام پر لے آئی تاکہ نیتا جی کے لاپتہ ہونے کا معمہ حل ہو۔ نیتا جی کے بھائی کے پوتے اور خاندان کے ترجمان چندر کمار بوس نے فائلوں کی اجرائی کے بعد میڈیا سے کہا کہ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے اچھا کام کیا ہے ۔ اب مرکز کے لئے کوئی اور چارہ نہیں کہ وہ اس کے پاس موجود فائلیں منظر عام پر لے آئے ۔ صیغہ راز سے نکالی گئی64فائلوں کا ڈیجیٹل ورژن7ڈی وی ڈیز کے سیٹ میں دستیاب ہے ۔ اصل فائلیں ، کلکتہ پولیس میوزیم میں ہیں ۔ یہ فائلیں پیر سے عوام کے لئے پہلے آؤ پہلے پاؤ کی بنیاد پر دستیاب ہوں گی ۔ چندر کمار بوس نے کہا کہ زیادہ اہم فائلیں جو نیتا جی کے لاپتہ ہونے کا معمل حل کرسکتی ہیں ، مرکزی حکومت کے محکموں کے پاس ہیں ۔ ان فائلوں کو منظر عام پر لانے سے ہی پراسرار معاملہ حل ہوسکتا ہے ۔ جمعہ کے دن منظر عام پر لائی گئی فائلیں 12ہزار7سو74صفحات پر مشتمل ہیں اور ریسرچرس و اسکالرس کے لئے دستیاب ہیں ۔ کمشنر کولکتہ پولیس ایس کے پرکائستھ نے میوزیم میں مختصر تقریب میں فائلیں ، نیتاجی کے ورثا اور میڈیا نمائندوں کو سونپیں ، پہلی کاپی نیتا جی کے بھائی کی بہو اور سابق ترنمول کانگریس رکن پارلیمنٹ کرشنا بوس کو دی گئی۔ بنرجی نے نیتا جی سے متعلق64فائلیں صیغہ راز سے نکالنے کے اپنی حکومت کے فیصلہ کا اعلان11ستمبر کو کیا تھا اور کہا تھا کہ نیتا جی کے لا پتہ ہونے کا معمہ حل ہونا چاہئے ۔ چندر کمار بوس نے کہا کہ بنرجی نے راستہ دکھا دیا ہے اور اب مرکز کو فائلیں جاری کرنا چاہئے ۔
Netaji Subhash Chandra Bose secrets files leaked
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں