مزید معاشی اصلاحات کا وعدہ - وزیر فینانس ارون جیٹلی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-18

مزید معاشی اصلاحات کا وعدہ - وزیر فینانس ارون جیٹلی

نئی دہلی
پی ٹی آئی
مزید اصلاحات کا وعدہ کرتے ہوئے وزیر فینانس ارون جیٹلی نے آج کہا کہ سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور معیشت کی بنیادوں کو مستحکم کرنے کے لئے زیر التوا ٹیکس مسائل کو ختم کردینے کی کوششیں جاری ہیں تاکہ ہندوستانی معیشت عالمی اتھل پتھل کا سامنا کرسکے ۔ انڈیا اکنامک کنونشن2015میں صنعت کا قائدین کے مجمع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کئی ٹیکس مسائل ختم کردئیے گئے اور کوشش جاری ہے کہ مابقی کو بھی ختم کردیاجائے ۔ یہ افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہ گڈس اور سرویسیس ٹیکس( جی ایس ٹی) سیاسی وجوہات پر لٹکا ہوا ہے جیٹلی نے کہا کہ کئی اصلاحات کی جانے والی ہیں۔ تجارت کو آسان بنانے کے عمل کو بڑھاوا دینے انہوں نے کہا کہ حکومت دیوالیہ کو ڈ، بڑے ٹھیکوں میں تنازعات کی یکسوئی اور ثالثی جیسے شعبوں میں کام کررہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اصلاحات ہونے والی ہیں ۔ تیزی سے بدلتی عالمی مالیاتی صورتحال پر انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال میں جب روزانہ اتھل پتھل ہو ہم کوشش کررہے ہیں کہ ہماری معیشت کی بنیادیں کچھ مستحکم ہوں تاکہ ہم ہونے والی تبدیلیوں کا سامنا کرسکیں۔ ایک مرتبہ جب ہم ترقی کے اس راستہ پر چلنے کے اہل ہوجائیں گے مجھے یقین ہے کہ ہندوستان کی ترقی کا آرکٹکچر مضبوط ہوجائے گا ۔ انہوں نے نگراں ماحول کو بہتر بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ریگولیٹری سسٹم کو تیزی سے تبدیلی کے لئے تیار ہوناچاہئے ۔ جیٹلی نے کہا کہ تجارت کو آسان بنانے کا عمل جاری ہے۔ آج معیشت کا کوئی بھی شعبہ ایسا نہیں ہے جو یہ کہتا ہو کہ اسے ہراساں کیاجارہا ہے ۔ طریقہ کار معقول بنادیا گیا ہے ۔ ٹیکس کے تعلق سے انہوں نے کہا کہ کئی زیر التوا معاملے ختم کردئیے گئے ہیں اور ہم آئندہ چند دن میں مابقی کو بھی عدالت کے ذریعہ یا ایگزیکٹیو کے ذریعہ ختم کردینے والے ہیں۔ جیٹلی نے کہا کہ حکومت نے قدرتی وسائل کی تخصیص کا نظام معقولیت پسند بنادیا ہے ۔ ہم تنازعات ختم کردئیے ہیں۔ وزیر فینانس نے تیاری شعبہ کی شروعات اور چھوٹی و متوسط صنعتوں کو بڑھاوا دینے پر زور دیا تاکہ مزید روزگار پیدا ہو۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی توجہ زرعی شعبہ پر بھی ہے جو بڑی حد تک بارش پر منحصر ہے اور آبادی کے55فیصد کو روزی روٹی فراہم کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری آبادی کا55فیصد حصہ زراعت پر منحصر ہے ۔ اور ہماری15فیصد آمدنی اسی شعبہ سے آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی ماڈل کی تنظیم جدید کی ضرورت ہے تاکہ زرعی شعبہ میں کم لوگ کام کریں اور لوگوں کی بڑی تعداد معیشت کے دوسرے شعبوں میں منتقل ہوجائے ۔ لوگوں کو معیشت کے دوسرے شعبہ منتقل کرنے کے لئے تیزی سے ترقی کرتا سرویس سیکٹر درکار ہوگا ۔ آئی اے این ایس کے بموجب وزیر فینانس نے جمعرات کے دن کہا کہ عالمی معیشت کو لاحق پریشانیوں کے مد نظر ہندوستان کو اپنی معیشت کی بنیادیں مستحکم کرنی ہوں گی ۔ اسے تمام ٹیکس تنازعات ختم کرنے ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں اتھل پتھل روز کا معمول بن چکی ہے ۔ ہم اپنی معیشت کی بنیادوں کو مستحکم کرنے کی کوشش کررہے ہیں تاکہ وہ ان حالات کا سامنا کرسکے ۔انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کے بغیر کوئی زائد معاشی سرگرمی نہیں ہوسکتی ۔ وہ فیڈریشن آف انڈین چیمبرس آف کامرس انڈسٹری(فکی) کے زیر اہتمام انڈیا اکنامک کنونشن سے خطاب کررہے تھے ۔ جس میں وزراء ہندستانی صنعت کار کی ممتاز شخصیتوں اور کلیدی فیصلہ سازوں نے شرکت کی ۔ جیٹلی نے کہا کہ آئندہ چند دن میں تمام ٹیکس تنازعات ختم کردئیے جائیں گے ۔ اس کے لئے کوششیں جاری ہیں تاکہ ہندوستان میں تجارت کرنا آسان ہوسکے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت کے بر سر اقتدار آنے کے بعد سے کئی ٹیکس تنازعات ختم کردئیے گئے ۔ معاشی اصلاحات کے تعلق سے جیٹلی نے کہا کہ جی ایس ٹی سیاسی وجوہات پر لٹکا ہوا ہے ، بینکوں کو مالیاتی لحاظ سے مستحکم کرنے کے اقدامات جاری ہیں ۔

More economic reforms promised - Finance Minister Arun Jaitley

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں