مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی کارروائیاں - سعودی عرب کا اظہار مذمت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-18

مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی کارروائیاں - سعودی عرب کا اظہار مذمت

ریاض
رائٹر
سعودی عرب نے اسرائیلی فورس کی جانب سے مسجد الاقصیٰ کے تقدس کو پامال کرنے کی مذمت کی ہے اور صہیونی فوج کی جارحانہ کارروائیوں پر سخت ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے ۔ سعودی عرب کے ایک سرکاری ذریعہ نے کہا ہے کہ اگر اسرائیل کی غیر قانونی جارحیت کے نتیجہ میں صورتحال بگڑتی ہے تو صہیونی ریاست کو ان تمام مضمرات کا مکمل ذمہ دار گردانا جائے گا۔ اس ذریعہ نے اس بات کی ضرورت پر زور دیا ہے کہ کسی بھی قسم کے حملہ سے سنگین نتائج مرتب ہوسکتے ہیں۔ اور اس سے انتہا پسندی اور تشدد کو فروغ ملے گا ۔ سعودی عرب نے حالیہ دنوں میں اسرائیل کے مسجد الاقصیٰ میں اقدامات کو طے شدہ اصولوں اور بین الاقوامی قانون کے منافی قرار دیا ہے ۔ اس نے مسجد الاقصیٰ اور وہاں عبادت کے لئے وقت کو مسلمانوں اور یہود کے درمیان تقسیم کرنے کی پالیسی کو مسترد کردیا ہے اور کہا ہے کہ اس طرح کی پالیسیوں سے کشیدگی ہی بڑھے گی اور اس کے سنگین نتائج مضمرات ہوں گے ۔ سعودی مملکت نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مسجد اقصیٰ کے احاطہ میں اسرائیل کی بارڈر پولیس کے حملوں کو رکوانے کے لئے دباؤ ڈالے ۔ دریں اثناء سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے فلسطینی صدر محمود عباس کو مطلع کیا ہے کہ وہ مسجد الاقصیٰ میں حالیہ تنازعہ کے معاملہ پر عالمی لیڈروں سے رابطہ میں ہیں ۔ انہوںنے سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ مسجد الاقصیٰ کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں۔ عرب دنیا نے مسلمانوں کے قبلہ اول کے تقد س کو پامال کرنے کی مذمت کی ہے اور اس تشویش کااظہار کیا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس میں کشیدگی میں اضافہ سے صورتحال کنٹرول سے باہر ہوسکتی ہے۔ اقوام متحدہ کے مشرق وسطیٰ کے لئے قاصد نیکولے ملادینوف نے منگل کو خبر دار کیا تھا کہ مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ اس قدیم شہر کی چار دیواری سے باہر بھی جاسکتا ہے اور اس سے پورا خطہ ہی تشدد اور انتہا پسندی کی لہر کی لپیٹ میں آسکتا ہے ۔

Israeli actions in Al-Aqsa Mosque - Saudi Arabia condemns

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں